ممبئی: بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان ویرات کوہلی کو حال ہی میں ایک فین پیج پر اداکارہ اونیت کور کی بولڈ تصاویر لائیک کرنے پر سوشل میڈیا پر وضاحت دینا پڑی۔ یہ واقعہ اس وقت منظرِ عام پر آیا جب صارفین نے کوہلی کے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ سے اداکارہ کی تصاویر پر لائیک نوٹ کیا۔
یہ تصاویر 30 اپریل کو ایک فین پیج پر شیئر کی گئی تھیں، جن میں اونیت کور کو سبز رنگ کے ٹاپ اور منی اسکرٹ میں دیکھا گیا۔ تصاویر پر کوہلی کا لائیک سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر معاملہ وائرل ہوگیا اور صارفین کی جانب سے قیاس آرائیاں شروع ہو گئیں۔ کچھ صارفین نے اس پر انوشکا شرما کو بھی ٹیگ کیا، اور متعدد میمز بھی بنائی گئیں۔
معاملے کی شدت بڑھنے پر ویرات کوہلی نے انسٹاگرام اسٹوری کے ذریعے وضاحتی بیان جاری کرتے ہوئے کہا:
"میں واضح کرنا چاہتا ہوں کہ جب میں اپنی انسٹاگرام فیڈ کلئیر کر رہا تھا تو ممکن ہے کہ الگورتھم کی وجہ سے غلطی سے لائیک ہوگیا ہو۔ ایسا کوئی ارادہ نہیں تھا۔ گزارش ہے کہ بلا وجہ قیاس آرائیوں سے گریز کیا جائے۔”
واضح رہے کہ اونیت کور ایک ابھرتی ہوئی اداکارہ ہیں جو کئی ہندی فلموں اور ٹی وی شوز میں کام کر چکی ہیں۔ حالیہ دنوں میں ان کا نام کرکٹر شبمن گل کے ساتھ بھی خبروں میں رہا، جہاں دونوں کی ڈیٹنگ کی افواہیں زیرِ گردش تھیں۔






