کرکٹکھیل

آئی پی ایل میں سنچری بنانے والے 14 سالہ ویبھو سوریاونشی کی عمر پر سوالات، کارکردگی نے سب کو حیران کر دیا

ممبئی – انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں راجستھان رائلز کے نوجوان بیٹسمین ویبھو سوریاونشی نے محض 14 سال کی عمر میں شاندار سنچری اسکور کر کے کرکٹ کی دنیا میں تہلکہ مچا دیا، لیکن اس غیر معمولی کارکردگی کے ساتھ ان کی عمر پر سوالات بھی اٹھنے لگے ہیں۔

سوریاونشی نے گجرات ٹائٹنز کے خلاف صرف 35 گیندوں پر سنچری بنا کر ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں بھارت کی جانب سے سب سے تیز سنچری بنانے کا اعزاز اپنے نام کیا۔ اس کے ساتھ ہی وہ آئی پی ایل کی تاریخ میں سنچری بنانے والے سب سے کم عمر کھلاڑی بھی بن گئے۔

جہاں اس شاندار اننگز پر انہیں بھرپور سراہا جا رہا ہے، وہیں سوشل میڈیا اور کرکٹ حلقوں میں ان کی عمر کے حوالے سے تنازع نے جنم لے لیا ہے۔ سوشل میڈیا پر وائرل ایک پرانے انٹرویو میں ویبھو نے خود بتایا تھا کہ وہ 2023 میں 14 سال کے تھے، جس حساب سے ان کی موجودہ عمر 16 سال بنتی ہے۔

مشہور بھارتی باکسر وجیندر سنگھ نے بھی اس معاملے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا: "اب کرکٹ میں بھی عمر کم دکھا کر کھیلا جا رہا ہے؟”

تاہم کرکٹ ویب سائٹ کرک انفو پر درج تاریخِ پیدائش کے مطابق ویبھو سوریاونشی 27 مارچ 2011 کو پیدا ہوئے، اور اس حساب سے ان کی عمر واقعی 14 سال اور چند دن بنتی ہے۔

فی الحال نہ تو ویبھو سوریاونشی اور نہ ہی ان کی آئی پی ایل ٹیم راجستھان رائلز نے اس حوالے سے کوئی باضابطہ وضاحت دی ہے۔ لیکن سوشل میڈیا پر سوالات کا سلسلہ جاری ہے کہ آیا یہ محض غلط فہمی ہے یا واقعی عمر چھپانے کی کوئی کوشش کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ سوریاونشی کو آئی پی ایل 2025 کی میگا نیلامی میں راجستھان رائلز نے 1 کروڑ 10 لاکھ بھارتی روپے میں خریدا تھا، جو ان کی غیر معمولی صلاحیتوں کا اعتراف ہے۔

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button