اسلام آباد/نئی دہلی: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کے حالیہ بیان نے نہ صرف پاکستان میں توجہ حاصل کی بلکہ بھارت میں بھی شدید ردعمل کا باعث بن گیا ہے، جہاں سابق بھارتی کرکٹر شیکھر دھون اور پاکستان نژاد سابق اسپنر دانش کنیریا نے سخت تنقید کی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق شاہد آفریدی نے پہلگام واقعے پر ردعمل دیتے ہوئے بھارتی فوج کی کارکردگی پر سوالات اٹھائے اور کہا کہ "مقبوضہ کشمیر میں 8 لاکھ فوج ہونے کے باوجود اگر واقعہ ہو جاتا ہے تو یہ تمہاری ناکامی ہے، اور اگر کوئی پٹاخہ بھی پھٹ جائے تو الزام پاکستان پر لگا دیا جاتا ہے”۔
انہوں نے مزید کہا کہ "2016 کے ٹی20 ورلڈ کپ میں کشیدہ حالات کے باوجود پاکستان کی ٹیم نے بھارت کا دورہ کیا، لیکن بھارت کی کرکٹ ٹیم بار بار بہانے بنا کر نہیں آتی، اگر تعلقات خراب ہیں تو کھیل سمیت سب کچھ بند ہونا چاہیے، صرف کرکٹ کو نشانہ کیوں بنایا جاتا ہے؟”
شاہد آفریدی کے اس بیان پر سب سے پہلے سابق کرکٹر دانش کنیریا نے شدید ردعمل دیتے ہوئے ان پر تنقید کی، اور بھارت کی حمایت میں بیانات دیے، جس کے بعد اب سابق بھارتی اوپنر شیکھر دھون بھی میدان میں آ گئے۔
شیکھر دھون نے اپنے بیان میں کہا کہ "کارگل میں بھی تمہیں ہرایا تھا، اب اور کتنا گرو گے؟ ہمیں اپنی فوج پر فخر ہے۔ شاہد آفریدی کا بیان نہایت بےہودہ تھا، انہیں اپنے ملک کی فکر کرنی چاہیے۔”
اس بیان بازی کے بعد سوشل میڈیا پر دونوں ممالک کے صارفین میں گرما گرم بحث جاری ہے، جبکہ بھارتی میڈیا اور کئی سابق کرکٹرز نے آفریدی کے مؤقف پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔
صورتحال کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے بھارتی حکومت نے پاکستانی ٹی وی چینلز کی نشریات پر عارضی پابندی بھی عائد کر دی ہے تاکہ ملک کے اندرونی بیانیے پر سوالات سے بچا جا سکے۔
سیاسی تجزیہ کاروں کا ماننا ہے کہ کھیل کے میدان میں جذبات کی شدت، موجودہ سیاسی تناؤ میں مزید اضافہ کر رہی ہے، اور سابق کھلاڑیوں کے بیانات اب صرف کھیل تک محدود نہیں رہے۔





