اہم خبریںپاکستانتازہ ترین

اسلام آباد: ملک بھر میں انٹرنیٹ کی رفتار بدستور سست، صارفین مشکلات کا شکار

اسلام آباد ؛ملک بھر میں انٹرنیٹ کی رفتار بدستور سست روی کا شکار ہے جس کے باعث صارفین کو اپ لوڈنگ اور ڈاؤنلوڈنگ میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ انٹرنیٹ کی سست رفتاری نے عوامی اور کاروباری سرگرمیوں کو بری طرح متاثر کیا ہے۔

صارفین کی جانب سے شکایات موصول ہو رہی ہیں کہ ویڈیوز، میسجز اور دیگر آن لائن سروسز میں غیر معمولی تاخیر ہو رہی ہے، جب کہ پیغامات بھی تاخیر سے موصول ہو رہے ہیں۔ سست رفتار انٹرنیٹ کی وجہ سے نہ صرف آن لائن کلاسز اور ورک فرام ہوم متاثر ہو رہا ہے بلکہ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد بھی متاثر ہو رہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق، انٹرنیٹ کی کم رفتار کی اصل وجہ سعودی عرب کے قریب واقع زیرِ سمندر انٹرنیٹ کیبلز میں خرابی ہے، جس کی مرمت تاحال مکمل نہیں ہو سکی۔ اس خرابی کے باعث ملک بھر میں انٹرنیٹ سروس جزوی طور پر متاثر ہو رہی ہے۔

پی ٹی سی ایل نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ انٹرنیٹ کی سست رفتاری کا سبب زیرِ سمندر کیبلز میں پیدا ہونے والی تکنیکی خرابی ہے۔ ادارے کے مطابق شام کے اوقات میں انٹرنیٹ کا لوڈ بڑھنے کی وجہ سے سروسز مزید متاثر ہو رہی ہیں۔

پی ٹی سی ایل کا کہنا ہے کہ انٹرنیٹ کی رفتار بہتر بنانے کے لیے اقدامات جاری ہیں، تاہم مرمت کی تکمیل کے حوالے سے کوئی حتمی وقت نہیں دیا گیا۔ کمپنی نے یقین دہانی کروائی ہے کہ فالٹ کو جلد از جلد دور کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں، تاہم اس وقت تک صارفین کو سروس میں رکاوٹوں کا سامنا رہے گا۔

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button