بارش برسانے والا سسٹم ، محکمہ موسمیات کا الرٹ جاری
اسلام آباد: محکمۂ موسمیات نے ملک کے شمالی علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برف باری سے متعلق نیا الرٹ جاری کر دیا ہے، جس کے مطابق کمزور مغربی ہوا کا سلسلہ آج رات سے کل تک شمالی حصوں کو متاثر کرے گا۔
محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ پانچ دسمبر کو گلگت بلتستان، کشمیر اور خیبر پختونخوا کے بالائی علاقوں میں ہلکی بارش اور برف باری متوقع ہے۔ دیر، چترال، سوات، کوہستان، شانگلہ اور بٹگرام میں بھی بارش اور برف باری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ دیر، چترال اور سوات میں یہ سلسلہ پانچ دسمبر تک جاری رہ سکتا ہے۔
ادارے کے مطابق ملک کے دیگر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔ پنجاب اور خیبر پختونخوا کے میدانی علاقے دھند اور اسموگ کی لپیٹ میں رہیں گے۔ لاہور، فیصل آباد، ملتان، ساہیوال، سیالکوٹ، نارووال اور گوجرانوالہ میں دھند چھائے رہنے کا امکان ہے، جبکہ پشاور، مردان، صوابی اور ڈی آئی خان میں دھند کے باعث حدِ نگاہ متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
علاوہ ازیں، بابوسر ٹاپ اور ملحقہ علاقوں میں برف باری کے باعث سڑکوں پر پھسلن اور ممکنہ بندش کی وارننگ بھی جاری کی گئی ہے۔ بالائی علاقوں میں دن کے اوقات میں درجہ حرارت میں ایک سے تین ڈگری تک کمی کا امکان ہے۔
محکمۂ موسمیات نے شہریوں کو محتاط رہنے اور سفر کے دوران موسم کی صورتحال کو مدنظر رکھنے کی ہدایت کی ہے۔






