پاکستان میں واٹس ایپ ویب سروس متاثر، صارفین کو مشکلات کا سامنا
ویب ڈیسک: پاکستان میں مقبول میسجنگ ایپ واٹس ایپ (WhatsApp) کے ویب ورژن کی سروس متاثر ہو گئی ہے، جس کے باعث صارفین کو پیغامات بھیجنے اور لاگ اِن کرنے میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔
ٹیکنالوجی ٹریکنگ ویب سائٹ Downdetector کے مطابق، صارفین نے بدھ کے روز بڑی تعداد میں واٹس ایپ ویب کی خرابی سے متعلق شکایات درج کرائیں۔
رپورٹ کے مطابق تقریباً 65 فیصد صارفین نے ویب سائٹ پر لاگ اِن یا استعمال میں دشواری کی اطلاع دی، جبکہ 21 فیصد نے سرور کنکشن کے مسائل کی نشاندہی کی۔
مزید 14 فیصد صارفین کے مطابق وہ پیغامات وصول کرنے یا بھیجنے میں ناکامی کا سامنا کر رہے ہیں۔
صارفین کی شکایات میں اضافہ
کئی صارفین نے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر شکایات کرتے ہوئے بتایا کہ واٹس ایپ ویب اچانک لاگ آؤٹ ہو گیا یا QR کوڈ اسکین کرنے کے باوجود کنیکٹ نہیں ہو رہا۔
اب تک کمپنی کی جانب سے سروس متاثر ہونے کی وجوہات یا بحالی کے وقت کے بارے میں کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا۔
علاقائی اثرات
رپورٹس کے مطابق سروس متاثر ہونے کا دائرہ صرف پاکستان تک محدود نہیں بلکہ خطے کے دیگر ممالک میں بھی واٹس ایپ ویب کی کارکردگی میں تعطل کی شکایات موصول ہو رہی ہیں۔






