ڈونلڈ ٹرمپ اور ولادیمر پیوٹن کی ہنگری میں طے شدہ ملاقات منسوخ، امریکا اور روس کے درمیان کشیدگی بڑھ گئی
واشنگٹن / ماسکو: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور روسی صدر ولادیمر پیوٹن کی ہنگری میں ہونے والی طے شدہ ملاقات منسوخ کر دی گئی ہے۔ بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق امریکا اور روس کے مذاکرات کاروں کے درمیان ہونے والی ٹیلیفونک گفتگو میں تلخی پیدا ہونے کے بعد ملاقات ممکن نہ ہو سکی۔
دونوں صدور کی ملاقات کا اعلان گزشتہ ہفتے کیا گیا تھا اور توقع کی جا رہی تھی کہ اس میں دوطرفہ تعلقات، یوکرین تنازع اور مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر بات چیت ہوگی۔ تاہم تازہ ترین پیش رفت کے بعد دونوں ممالک کے تعلقات میں مزید تناؤ آنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک علیحدہ بیان میں کہا ہے کہ وہ آئندہ دو ہفتوں میں چینی صدر شی جن پنگ کے ساتھ اہم معاملات پر گفتگو کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ "ہم اس بات چیت میں اچھا کام کرنے جا رہے ہیں۔”
صدر ٹرمپ نے مزید دعویٰ کیا کہ ان کے دورِ صدارت میں اب تک آٹھ بڑی جنگیں روکی جا چکی ہیں، جن میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ممکنہ جنگ بھی شامل ہے۔






