رواں سال کا پہلا سپر مون کب دکھائی دے گا؟
کراچی: آسمانی نظاروں کے شوقین افراد کے لیے اکتوبر کا مہینہ ایک شاندار فلکی مظہر لے کر آ رہا ہے۔ ماہرینِ فلکیات کے مطابق رواں سال کا پہلا سپر مون 7 اکتوبر کو پاکستان سمیت دنیا بھر میں دیکھا جا سکے گا۔
پاکستان اسپیس اینڈ اپر ایٹموسفیئر ریسرچ کمیشن (سپارکو) کے مطابق سپر مون منگل کے روز اپنی پوری آب و تاب کے ساتھ آسمان پر طلوع ہوگا، جو عام پورے چاند کے مقابلے میں تقریباً 14 فیصد بڑا اور 30 فیصد زیادہ روشن نظر آئے گا۔ اس وقت چاند زمین سے 224,599 میل (361,400 کلومیٹر) کی دوری پر ہوگا۔
ماہرین کے مطابق سپر مون اُس وقت بنتا ہے جب چاند اپنی بیضوی مدار میں گردش کرتے ہوئے زمین کے قریب ترین مقام پر پہنچتا ہے، جس کی وجہ سے وہ معمول سے بڑا اور روشن دکھائی دیتا ہے۔
رواں سال مزید دو سپر مون 5 نومبر اور 5 دسمبر کو بھی آسمان پر دکھائی دیں گے، جبکہ اس سے قبل آخری سپر مون نومبر 2024 میں دیکھا گیا تھا۔
فلکیاتی ماہرین کا کہنا ہے کہ سپر مون کا سب سے حسین نظارہ اُس وقت ہوتا ہے جب چاند افق کے قریب طلوع ہوتا ہے، کیونکہ اُس وقت وہ زمین سے نسبتاً بڑا اور واضح دکھائی دیتا ہے۔
سپارکو نے فلکیاتی مظاہر میں دلچسپی رکھنے والے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ 7 اکتوبر کی شب آسمان کی طرف ضرور نگاہ ڈالیں اور قدرت کے اس دلکش مظہر کا مشاہدہ کریں۔






