یمن کے ساحل پر سب میرین کیبلز کٹنے سے پاکستان میں انٹرنیٹ کی رفتار متاثر، بحالی میں 4 سے 5 ہفتے لگ سکتے ہیں: سیکرٹری آئی ٹی
اسلام آباد: سیکرٹری آئی ٹی اینڈ ٹیلی کام نے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے آئی ٹی کو بتایا ہے کہ پاکستان میں حالیہ دنوں انٹرنیٹ کی رفتار میں کمی کی بنیادی وجہ یمن کے ساحل کے قریب زیرِ سمندر کیبلز کا کٹنا ہے۔
نجی ٹی وی چینل "سما نیوز” کے مطابق، کمیٹی اجلاس کے دوران سیکرٹری نے وضاحت کی کہ ایک یا دو نہیں بلکہ 4 سے 5 سب میرین کیبلز متاثر ہوئی ہیں، جن میں سے دو کیبلز وہ ہیں جو پاکستان کو بین الاقوامی انٹرنیٹ نیٹ ورک سے منسلک کرتی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے والی کمپنیوں نے متاثرہ بینڈوتھ کو متبادل راستوں پر منتقل کر دیا ہے تاکہ صارفین کو کم سے کم پریشانی ہو۔ تاہم، کیبلز کی مکمل بحالی میں 4 سے 5 ہفتے لگ سکتے ہیں۔
اجلاس میں مزید انکشاف کیا گیا کہ آئندہ 12 سے 18 ماہ کے دوران تین نئی سب میرین کیبلز پاکستان تک پہنچائی جائیں گی، جو ملک کو یورپ کے ساتھ براہِ راست جوڑیں گی۔ ان کیبلز کے حوالے سے تمام ضروری معاہدے مکمل ہو چکے ہیں۔
یہ پیش رفت پاکستان میں انٹرنیٹ کے بنیادی ڈھانچے کو مزید مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم قدم تصور کی جا رہی ہے، جس سے مستقبل میں ایسے تعطل کے امکانات کم ہوں گے۔






