شاہ عبداللّٰہ کا اسرائیل کو سخت پیغام: مغربی کنارے کے انضمام کو تسلیم نہیں کریں گے
ابوظہبی: اردن کے فرمانروا شاہ عبداللّٰہ دوم نے واضح کیا ہے کہ اردن اسرائیل کی جانب سے مغربی کنارے کو اسرائیلی ریاست میں ضم کرنے کے کسی بھی فیصلے کو تسلیم نہیں کرے گا۔
عرب میڈیا کے مطابق، شاہ عبداللّٰہ نے یہ بیان متحدہ عرب امارات کے دورے کے موقع پر دیا، جہاں انہوں نے اسرائیل کی جارحانہ پالیسیوں، خاص طور پر مغربی کنارے پر قبضے کی کوششوں، پر شدید تحفظات کا اظہار کیا۔
شاہ عبداللّٰہ کا کہنا تھا کہ "ہم مغربی کنارے پر اسرائیل کے ممکنہ قبضے اور فلسطینیوں کو وہاں سے بےدخل کرنے کے کسی بھی منصوبے کو مسترد کرتے ہیں۔ یہ نہ صرف بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے بلکہ انسانی حقوق کی سنگین پامالی بھی ہے۔”
انہوں نے واضح کیا کہ غزہ سے فلسطینیوں کو جبری طور پر نکالنے کے اسرائیلی منصوبے کو بھی اردن یکسر مسترد کرتا ہے۔
واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات پہلے ہی مغربی کنارے پر اسرائیلی قبضے کو "ریڈ لائن” قرار دے چکا ہے، جس کے بعد خطے میں اسرائیلی اقدامات کے خلاف عرب دنیا کا ردعمل مزید واضح ہوتا جا رہا ہے۔






