ٹک ٹاک پر ممکنہ پابندی کے باوجود وائٹ ہاؤس کا باضابطہ اکاؤنٹ قائم، پہلا پیغام صدر ٹرمپ کی ویڈیو
واشنگٹن: امریکہ میں ٹک ٹاک پر پابندی کے ممکنہ خطرے اور اس حوالے سے جاری قانونی تنازع کے باوجود وائٹ ہاؤس نے مقبول ترین ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم ٹک ٹاک پر اپنا آفیشل اکاؤنٹ بنا لیا ہے۔ یہ اقدام اس وقت سامنے آیا ہے جب چینی کمپنی بائٹ ڈانس کو اپنی ایپ کسی امریکی خریدار کو فروخت کرنے یا پھر ایپ پر مکمل پابندی کے سامنا کا خطرہ لاحق ہے۔
ٹک ٹاک پر وائٹ ہاؤس کی پہلی پوسٹ میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ایک ویڈیو شامل ہے، جس میں وہ عوام سے وعدہ کرتے نظر آتے ہیں:
"میں آپ کی آواز ہوں، اور میں اس قوم کے لوگوں کے لیے بہتر زندگی فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہوں۔”
پابندی کی ڈیڈ لائن: 17 ستمبر
ٹرمپ انتظامیہ نے 2024 میں منظور کیے گئے متنازع قانون کے تحت ٹک ٹاک کی چینی ملکیت کو قومی سلامتی کے لیے خطرہ قرار دیا تھا، اور کمپنی کو مجبور کیا گیا تھا کہ وہ ایپ کو کسی امریکی ادارے کو فروخت کرے۔ تاہم، اس فیصلے پر عملدرآمد میں کئی بار توسیع دی گئی، اور اب نئی ڈیڈ لائن 17 ستمبر 2025 مقرر کی گئی ہے۔






