سندھ کو کوئی نقصان نہیں پہنچے گا، ایک بوند بھی پانی چوری کا ارادہ نہیں: رانا ثناء اللّٰہ
وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ سندھ کو کوئی نقصان نہیں ہونے دیں گے، سندھ کا پانی کی ایک بوند بھی چوری کرنے کا کوئی ارادہ نہیں۔
رانا ثناء اللہ نے کہا کہ سندھ حکومت بات کرنے کو تیار ہے، یہ معاملہ وزیراعظم کے نوٹس میں لایا ہے۔
رانا ثناء اللہ نے کہا کہ وزیر اعظم اس معاملے پر مناسب فیصلہ کریں گے، بلاول بھٹو نے جلسے سے پرجوش خطاب کیا،
گرما گرم تقریر میں بہت کچھ ہو جاتا ہے، بلاول کی بات پر ردعمل کی ضرورت نہیں۔
رہنما مسلم لیگ ن کا کہنا تھا کہ بیانات ایک دائرے کے اندر ہونے چاہئیں، دوسروں کی عزت و تکریم ہونی چاہیے، پیپلز پارٹی بات کرنے کو تیار ہے، وزیراعظم طریقہ کار واضح کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اپنے معاملات کو بہتر کرے، جیل کے عملے سے تعاون کریں، جیل میں جا کر ایسا ماحول پیدا کرتے ہیں، جن کے نام فہرست میں ہیں وہی ملاقات کے لیے جاتے ہیں، دوسرے لوگ کیوں جاتے ہیں۔
رانا ثناء اللہ نے کہا کہ دونوں طرف سے معاملات کو بہتر کرنے کی ضرورت ہے، ہماری خواہش ہے کہ تحریک انصاف کے بانی سے ملاقات کے معاملے پر آج کوئی مسئلہ نہ ہو۔






