تحریک انصاف میں نئی حکمت عملی پر غور: عمران خان کے بیٹوں کی متوقع شمولیت اہم موڑ قرار
لاہور: پاکستان تحریک انصاف (PTI) کی قیادت نے تحریک کو نئی جہت دینے کے لیے اہم مشاورت کا آغاز کر دیا ہے، جس میں پارٹی بانی عمران خان کے بیٹوں، قاسم اور سلمان خان، کی ممکنہ واپسی اور کردار پر سنجیدہ غور ہو رہا ہے۔ پارٹی کے باخبر ذرائع کے مطابق یہ فیصلہ تحریک انصاف کی موجودہ سیاسی جدوجہد میں ایک "واٹر شیڈ مومنٹ” ثابت ہو سکتا ہے۔
پارٹی کے اندر مختلف آرا پائی جاتی ہیں، جہاں ایک جانب کچھ قائدین ممکنہ طور پر خاندانی تاثر کے حوالے سے تحفظات رکھتے ہیں، وہیں دوسرا دھڑا سمجھتا ہے کہ قاسم اور سلمان کی واپسی پارٹی کو نئی توانائی فراہم کرے گی، خصوصاً اس نازک مرحلے پر جب تحریک انصاف حکومت اور اسٹیبلشمنٹ کے خلاف اپنی جدوجہد کو منطقی انجام تک پہنچانے کی کوشش کر رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق عمران خان کی بہن علیمہ خان اس تمام عمل کی نگرانی کر رہی ہیں اور عمران خان کی سابق اہلیہ جمائما خان سے بھی قریبی رابطے میں ہیں۔ پارٹی کی اعلیٰ سطحی مشاورت میں یہ تجویز دی گئی ہے کہ قاسم اور سلمان، جمائما خان کے ہمراہ، ایک خاص دورے پر پاکستان آئیں تاکہ پارٹی کی قیادت کو عالمی سطح پر بھی نئی توجہ حاصل ہو۔
دونوں بیٹوں کی اردو زبان سے ناآشنائی اور قانونی پہلوؤں، جیسے ویزہ و دیگر سفری تقاضوں، پر بھی مشاورت جاری ہے۔ اس بارے میں فیصلہ کیا جا رہا ہے کہ وہ کمرشل فلائٹ سے سفر کریں گے یا پرائیویٹ چارٹر طیارے کے ذریعے آئیں گے۔ سیکورٹی معاملات پر بھی تفصیلی غور جاری ہے، اور علیمہ خان اس حوالے سے خود انتظامات کی نگرانی کر رہی ہیں۔
پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر یہ دورہ کامیاب رہا تو یہ نہ صرف کارکنان کے حوصلے بلند کرے گا بلکہ عالمی میڈیا اور پاکستانی عوام کی دلچسپی بھی ایک بار پھر عمران خان اور تحریک انصاف کی جانب مبذول ہو گی۔






