سعودی شہریوں کیلئے پاکستان آنے پر کوئی ویزا نہیں، جب چاہیں آئیں: محسن نقوی
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید احمد المالکی سے ملاقات کی ہے۔
سعودی سفیر نے محسن نقوی کا اسلام آباد میں سعودی سفارتخانے پہنچنے پر استقبال کیا۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، دوطرفہ تعلقات کے فروغ اور باہمی تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر داخلہ نے اقتصادی اور سماجی شعبوں میں پاکستان کی حمایت پر سعودی حکومت اور سفیر کا شکریہ ادا کیا۔
محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان خلیج تعاون کونسل انسداد منشیات کانفرنس میں سعودی وفد کی شرکت پر مشکور ہے اور منشیات سے نمٹنے اور انسانی سمگلنگ کی روک تھام کے لیے سعودی عرب کے ساتھ تعاون بڑھانا چاہتا ہے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ بھکاریوں اور غیر قانونی امیگریشن کو روکنے کے لیے پاسپورٹ کے حصول کے لیے نئی شرائط عائد کی جا رہی ہیں، بھکاری مافیا کے خلاف گھیرا تنگ کر دیا گیا ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ سعودی شہریوں کے لیے پاکستان آنے کا کوئی ویزا نہیں ہے، وہ جب چاہیں آ سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب نے بے گناہ خاندان کی رہائی اور واپسی کے لیے بہت تعاون کیا اور یہ سعودی حکومت کے تعاون کی بدولت ہی خاندان کے 5 افراد کو رہا کر کے وطن واپس پہنچایا گیا۔






