وزیر اعظم شہباز شریف کے مشیر برائے بین الصوبائی رابطہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ ایک صوبے کا پانی دوسرے صوبے کے حصے میں نہیں جا سکتا۔
اس کو یقینی بنانے کے لیے ملک میں آئینی طریقہ کار اور قوانین موجود ہیں‘ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پانی کے معاملے پر سیاست نہ کی جائے، معاملات میز پر بیٹھ کر حل کیے جائیں۔ پیپلز پارٹی وفاق کا حصہ ہے‘ آئینی عہدوں پر فائز ہوتے ہوئے زیادہ ذمہ داری سے بات کرنی چاہیے‘ ان کا کہنا ہے کہ ہم پیپلز پارٹی کی قیادت کا بہت احترام کرتے ہیں۔
1991 میں صوبوں کے درمیان ہونے والے معاہدے اور ارسا ایکٹ کی موجودگی میں کسی کے ساتھ ناانصافی نہیں کی جا سکتی‘ انہوں نے کہا کہ اکائیوں کی مضبوطی کو وفاق کی طاقت سمجھتے ہیں اور ماضی کی طرح اسی طرز عمل پر عمل پیرا رہیں گے۔
رانا ثناء اللہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ وہ اکائیوں اور ان میں رہنے والے عوام کے حقوق کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ بات چیت اور مشاورت ہی ہر مسئلے کا واحد حل ہے۔






