اسلام آباد: وفاقی حکومت نے ملک بھر میں بجلی چوری پر قابو پانے اور زائد بلنگ جیسے مسائل سے نمٹنے کے لیے تھری فیز میٹرز کو جدید اے ایم آئی (AMI) اسمارٹ میٹرز سے تبدیل کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
وزارت توانائی کے مطابق یہ منصوبہ مرحلہ وار شروع کیا جائے گا، جس کا مقصد نہ صرف درست بلنگ کو ممکن بنانا ہے بلکہ بجلی کی چوری کو مؤثر طریقے سے روکنا بھی ہے۔
ابتدائی مرحلہ: 3 لاکھ 50 ہزار میٹرز کی تبدیلی
پہلے مرحلے میں لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) کی حدود میں 3 لاکھ 50 ہزار میٹرز تبدیل کیے جائیں گے۔ اس تنصیب کا عمل باقاعدہ "میٹر ریپلیسمنٹ آرڈر” کے تحت کیا جائے گا۔
منصوبے کی تکمیل کی آخری تاریخ
حکام کے مطابق اس منصوبے کو دسمبر 2026 تک مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ اس کے بعد ملک بھر میں اسمارٹ میٹرز کا استعمال لازمی قرار دے دیا جائے گا۔
کیا فائدہ ہوگا؟
بجلی کے استعمال کی درست مانیٹرنگ ممکن ہو گی
اوور بلنگ کا خاتمہ ہو گا
بجلی چوری میں نمایاں کمی آئے گی
صارفین کو اپنے استعمال کی لائیو معلومات دستیاب ہوں گی
وزارت توانائی نے ملک کی تمام بجلی تقسیم کار کمپنیوں (DISCOs) کو اس منصوبے پر عمل درآمد کے لیے باضابطہ ہدایات جاری کر دی ہیں۔






