وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول موجود ہے۔
لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں مہنگائی 38 فیصد سے کم ہوکر سنگل ہندسوں پر آگئی ہے، پالیسی ریٹ 22.5 فیصد سے کم ہوکر 12 فیصد پر آگیا ہے۔
شہباز شریف کا کہنا ہے کہ شاندار تقریب میں آکر خوشی ہوئی، چین، افریقہ، یورپ، امریکا اور دیگر ممالک کے نمائندوں کو دیکھ کر خوشی ہوئی۔
وزیراعظم نے کہا کہ میں وزیر تجارت سمیت متعلقہ محکموں کو شاندار تقریب پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ معاشی طور پر مستحکم پاکستان ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں انجینئرنگ، زراعت اور معدنیات میں بڑی صلاحیت موجود ہے، آئی ٹی اور مصنوعی ذہانت کے شعبوں میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے اور نوجوان خود کو جدید تکنیک اور پیشہ ورانہ تربیت سے آراستہ کر رہے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ بہت اچھا کام کررہے ہیں، بلوچستان اور خیبرپختونخوا سمیت پاکستان کو اللہ نے قدرتی وسائل سے نوازا ہے۔
شہباز شریف کا یہ بھی کہنا ہے کہ نمائش میں زرعی مشینری، قیمتی پتھر، ادویات اور دیگر شاندار سٹالز ہیں، ہمیں جدت، تحقیق اور ترقی کی طرف بڑھنا ہے۔






