ٹرمپ کے دورۂ ریاض کی تیاریوں کیلئے سعودی وزیر خارجہ واشنگٹن پہنچ گئے
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے متوقع دورہ سعودی عرب کی تیاریوں کو حتمی شکل دینے کے لیے واشنگٹن پہنچ گئے ہیں۔
سعودی حکومت کے قریبی ذرائع کے مطابق یہ دورہ صدر ٹرمپ کی دوسری مدت کا پہلا غیر ملکی دورہ ہوگا۔
پچھلے مہینے، ٹرمپ نے عندیہ دیا تھا کہ وہ اپریل میں سعودی عرب کا دورہ کر سکتے ہیں، جیسا کہ انہوں نے 2017 میں اپنی پہلی صدارت کے آغاز میں کیا تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ شہزادہ فیصل کے دورے کا مقصد صرف ٹرمپ کے دورہ ریاض کی تیاری نہیں بلکہ غزہ، یمن اور شام کی صورتحال پر بھی بات چیت کرنا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق شہزادہ فیصل اپنے امریکی ہم منصب مارکو روبیو سے ملاقات میں اہم علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔
رواں سال جنوری میں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے امریکا میں 600 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا تھا جس پر صدر ٹرمپ نے کہا تھا کہ سعودی عرب امریکی کمپنیوں پر تقریباً ایک ٹریلین ڈالر خرچ کرنے کو تیار ہے جس سے امریکا میں ملازمتیں پیدا ہوں گی۔
تجزیہ کاروں کے مطابق ٹرمپ اس دورے میں سعودی عرب اور اسرائیل کے درمیان تعلقات کی بحالی کو خارجہ پالیسی کی ایک بڑی کامیابی بنانے کی کوشش کریں گے۔






