ٹی ٹی پی افغانستان سے پاکستان میں دہشتگردی کررہی ہے، حکومتوں کے پاس ٹھوس شواہد ہیں: علی امین
خیبرپختونخوا کے سابق وزیراعلیٰ: افغانستان پاکستان کے خلاف دہشتگردی کے لیے استعمال ہو رہا ہے
خیبرپختونخوا کے سابق وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ افغان سرزمین پاکستان کے خلاف دہشتگرد کارروائیوں کے لیے استعمال ہو رہی ہے اور اس کے بارے میں “واضح دستاویزی ثبوت” موجود ہیں۔
علی امین گنڈا پور نے بتایا کہ صوبائی اور وفاقی حکومتوں کے پاس ٹھوس شواہد ہیں کہ تحریکِ طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) افغانستان سے پاکستان میں دہشتگردانہ حملے کر رہی ہے، خصوصاً خیبر پختونخوا میں۔ ان کے مطابق افغان حکومت اور تحریکِ طالبان افغانستان کو اس بات کا علم ہے اور بعض مواقع پر وہ اس کی حمایت بھی کر رہے ہیں۔
سابق وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا میں پیش آنے والے متعدد دہشتگردی کے واقعات میں افغان شہری ملوث پائے گئے اور کئی افراد کو گرفتار بھی کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل موجودہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے مطالبہ کیا تھا کہ ریاست ایسے شواہد فراہم کرے جو یہ ثابت کریں کہ افغانستان کی سرزمین پاکستان میں دہشتگرد کارروائیوں کے لیے استعمال ہو رہی ہے۔






