اہم خبریںپاکستانتازہ ترینلمحہ با لمحہ

سردی کی شدت میں اضافہ،محکمہ موسمیات نے خبردار کر دیا

ملک کے مختلف حصوں میں شدید سردی اور دھند نے ڈیرے ڈال لیے ہیں، جس کے باعث روزمرہ زندگی بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔ لاہور، کراچی اور اسلام آباد سمیت بڑے شہروں میں درجہ حرارت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ دھند اور فضائی آلودگی نے صورتحال کو مزید سنگین بنا دیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند روز کے دوران بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا جبکہ میدانی علاقوں میں دھند برقرار رہنے کا امکان ہے۔

باغوں کا شہر لاہور شدید دھند کی لپیٹ میں ہے، جس کے باعث حدِ نگاہ انتہائی کم ہو چکی ہے اور مختلف علاقوں میں سفیدی چھائی ہوئی ہے۔ دھند اور یخ بستہ ہواؤں کے باعث شہریوں کے معمولاتِ زندگی متاثر ہو رہے ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور کا موجودہ درجہ حرارت 6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 91 فیصد ہے۔ شہر میں 2 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں اور آج بارش کا کوئی امکان نہیں۔ ماہرین کے مطابق دن کے وقت سورج اور بادلوں کے درمیان آنکھ مچولی جاری رہ سکتی ہے تاہم دھند برقرار رہنے کا امکان ہے۔ فضائی آلودگی کے اعتبار سے لاہور چھٹے نمبر پر ہے جہاں ایئر کوالٹی انڈیکس 186 ریکارڈ کیا گیا، جو صحت کے لیے نقصان دہ قرار دیا جا رہا ہے۔

شہرِ قائد کراچی میں بھی سردی کی شدید لہر جاری ہے۔ رات کے وقت درجہ حرارت 10 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ صبح کے اوقات میں 12 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند روز تک موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے۔ کراچی کا فضائی معیار بھی بدستور خراب ہے، ایئر کوالٹی انڈیکس کے مطابق کراچی دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں پانچویں جبکہ پاکستان کے آلودہ شہروں میں آٹھویں نمبر پر موجود ہے۔ شہر کی فضا میں آلودہ ذرات کی مقدار 195 ریکارڈ کی گئی ہے جو انسانی صحت کے لیے مضر سمجھی جاتی ہے۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی موسم شدید سرد اور خشک ہو گیا ہے۔ کم سے کم درجہ حرارت 3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ دن کے اوقات میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 16 ڈگری تک رہنے کا امکان ہے۔ شہر میں دن بھر تقریباً 6 میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلتی رہیں گی جس سے سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہے گا تاہم مری اور گلیات میں شدید سردی کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ سیالکوٹ، نارووال، راولپنڈی، اٹک، جہلم، گوجرانوالہ، لاہور، فیصل آباد، ساہیوال، ملتان، بہاولپور، رحیم یار خان اور دیگر اضلاع میں درمیانی سے شدید دھند چھانے کا امکان ہے جبکہ خطہ پوٹھوہار میں صبح کے اوقات میں کہرا پڑ سکتا ہے۔

خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم سرد اور خشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں شدید سرد رہنے کی توقع ہے۔ پشاور، مردان، نوشہرہ، چارسدہ، صوابی، بنوں، کرک، لکی مروت اور ڈی آئی خان میں صبح اور رات کے اوقات میں درمیانی سے شدید دھند کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ شمالی اضلاع میں شدید سردی کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ ڈیرہ بگٹی، کوہلو، ڈیرہ مراد جمالی، سبی اور گردونواح میں صبح کے اوقات میں دھند چھانے کا امکان ہے۔ کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی موسم شدید سرد اور خشک رہنے کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button