پی آئی اے نے حج2026ء پرائیویٹ سیکٹر کے کرایوں کا اعلان کر دیا
پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) نے حج 2026 کے لیے فضائی کرایوں، سامان کی اجازت اور ادائیگی کے قواعد کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔ ترجمان کے مطابق حجاج کو ادائیگی امریکی ڈالر کے مساوی پاکستانی روپوں میں کرنا ہوگی۔
پی آئی اے کی جانب سے سامان کی حد بھی واضح کر دی گئی ہے۔ ایگزیکٹو کلاس کے مسافروں کو 46 کلوگرام چیک اِن بیگ اور 7 کلوگرام ہینڈ کیری بیگ کی اجازت ہوگی، جبکہ اکانومی کلاس کے حجاج 40 کلوگرام چیک اِن بیگ اور 7 کلوگرام ہینڈ کیری ساتھ لے جا سکیں گے۔
کم از کم 40 روزہ حج پیکج کے تحت کراچی سے جدہ کا کرایہ بغیر ٹیکس 750 امریکی ڈالر مقرر کیا گیا ہے، جبکہ لاہور، اسلام آباد اور دیگر شہروں سے جدہ۔مدینہ کے لیے کرایہ 800 ڈالر رکھا گیا ہے۔
دوسری کیٹگری میں کراچی سے جدہ۔مدینہ کا کرایہ 950 ڈالر ہوگا، جبکہ لاہور سے پیک سیزن کے دوران یہ کرایہ 1000 ڈالر مقرر کیا گیا ہے۔ آخری فلائٹس کے لیے کرایہ 1150 ڈالر تک رکھا گیا ہے۔
اسی طرح لاہور، اسلام آباد، ملتان اور پشاور سے جدہ۔مدینہ کے لیے کرایہ بغیر ٹیکس 1200 امریکی ڈالر مقرر کیا گیا ہے۔
پی آئی اے کے مطابق حج 2026 کے لیے بکنگ 10 فیصد ایڈوانس کے ساتھ کروائی جا سکتی ہے، تاہم یہ ایڈوانس نان ریفنڈ ایبل ہوگا۔ ایئرلائن حکام کا کہنا ہے کہ مزید تفصیلات اور شیڈول وقتاً فوقتاً جاری کیا جائے گا۔






