تہران: ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے حکومت کے حق میں ہونے والے ملک گیر مظاہروں پر ایرانی قوم کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے اسے ملکی تاریخ کا ایک اہم اور یادگار دن قرار دیا ہے۔
اپنے بیان میں آیت اللہ خامنہ ای نے کہا کہ عظیم ایرانی قوم نے آج ایک تاریخی دن رقم کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آج ہونے والی عظیم ریلیوں نے غیرملکی دشمنوں کی سازشوں کو ناکام بنا دیا۔
سپریم لیڈر نے الزام عائد کیا کہ دشمن قوتیں ایران کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کے لیے اندرونِ ملک کرائے کے ایجنٹوں کو استعمال کرنا چاہتی تھیں، تاہم ایرانی عوام نے اپنی بھرپور شرکت کے ذریعے ان سازشوں کو خاک میں ملا دیا۔
آیت اللہ خامنہ ای نے کہا کہ ایرانی قوم نے دشمنوں کے مقابلے میں اپنے عزم، شعور اور قومی شناخت کا مضبوط مظاہرہ کیا ہے۔ ان کے مطابق یہ مظاہرے امریکی سیاستدانوں کے لیے ایک واضح پیغام اور انتباہ تھے۔
انہوں نے امریکا کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے فریبی اقدامات بند کرے اور اپنے آلہ کاروں پر انحصار کرنا چھوڑ دے۔ سپریم لیڈر کا کہنا تھا کہ ایرانی قوم مضبوط، طاقتور اور باخبر ہے، دشمن کو اچھی طرح پہچانتی ہے اور اس کے خلاف ہمیشہ میدان میں موجود رہتی ہے۔
آیت اللہ خامنہ ای نے زور دیا کہ ایرانی عوام کا اتحاد اور بیداری دشمنوں کے تمام عزائم کو ناکام بنانے کے لیے کافی ہے اور یہی اتحاد ایران کی اصل طاقت ہے۔






