واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ تجارت کرنے والے ممالک کے خلاف نئی پابندیوں کا اعلان کر دیا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا ہے کہ جو بھی ملک ایران سے کسی بھی نوعیت کی تجارت کرے گا، اس کی امریکا کے ساتھ ہونے والی تمام تجارت پر 25 فیصد ٹیرف عائد کیا جائے گا۔
صدر ٹرمپ کے مطابق یہ فیصلہ فوری طور پر نافذ العمل ہوگا اور ایران سے کاروباری روابط رکھنے والے ممالک کو امریکی منڈی میں اضافی محصولات کا سامنا کرنا پڑے گا۔
امریکی صدر نے واضح کیا کہ امریکا ایران پر دباؤ بڑھانے کے لیے سخت اقدامات کر رہا ہے اور کسی بھی ملک کو استثنا حاصل نہیں ہوگا جو ایران کے ساتھ تجارتی سرگرمیوں میں ملوث پایا گیا۔
اس سے قبل صدر ٹرمپ نے کہا تھا کہ ایران نے جوہری معاہدے پر بات چیت کے لیے امریکا سے رابطہ کیا ہے اور امریکا اس حوالے سے مذاکرات پر آمادگی ظاہر کر سکتا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق صدر ٹرمپ نے فلوریڈا سے واشنگٹن ڈی سی جاتے ہوئے طیارے میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ایران کے خلاف مختلف آپشنز پر غور کیا جا رہا ہے، جن میں فوجی کارروائی کا امکان بھی شامل ہے۔






