اہم خبریںدنیا

ڈونلڈ ٹرمپ کی کیوبا کو دھمکی، وینزویلا کا تیل اور پیسہ بند کرنے کا اعلان، معاہدے پر زور

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کیوبا کو سخت دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ اب کیوبا کو وینزویلا سے نہ تیل ملے گا اور نہ ہی پیسہ۔ انہوں نے دباؤ بڑھاتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ کیوبا واشنگٹن کے ساتھ معاہدہ کرے، ورنہ نتائج کے لیے تیار رہے۔

صدر ٹرمپ نے اپنی سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹرتھ سوشل پر جاری بیان میں لکھا کہ کیوبا کو مزید تیل یا پیسہ نہیں جائے گا، ’’زیرو‘‘۔ انہوں نے کہا کہ وہ سختی کے ساتھ معاہدے کی پیشکش کر رہے ہیں اور خبردار کیا کہ اس سے پہلے کہ بہت دیر ہو جائے، کیوبا فیصلہ کر لے۔

ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ کیوبا کئی برسوں سے بڑے پیمانے پر وینزویلا سے آنے والے تیل اور مالی امداد پر گزارا کر رہا ہے۔ تاہم انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ امریکا کس نوعیت کے معاہدے کا مطالبہ کر رہا ہے۔

دوسری جانب کیوبا کے صدر میگوئیل ڈیاز کینل نے امریکی صدر کی دھمکی کو سختی سے مسترد کر دیا۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ امریکا کے پاس کوئی اخلاقی جواز نہیں کہ وہ کیوبا کو کسی معاہدے پر مجبور کرے۔

کیوبا کے صدر نے کہا کہ کیوبا ایک آزاد اور خودمختار ریاست ہے اور کوئی بھی ملک ہمیں یہ حکم نہیں دے سکتا کہ ہمیں کیا کرنا چاہیے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ کیوبا نے کبھی امریکا پر حملہ نہیں کیا، بلکہ گزشتہ 66 برسوں سے امریکا کی جانب سے کیوبا پر مسلسل دباؤ اور جارحیت جاری ہے۔

میگوئیل ڈیاز کینل نے مزید کہا کہ کیوبا دھمکیاں نہیں دیتا بلکہ دفاع کی تیاری کرتا ہے اور مادرِ وطن کے دفاع کے لیے خون کے آخری قطرے تک لڑنے کے لیے تیار ہے۔

واضح رہے کہ وینزویلا کے تیل کے بڑے خریداروں میں کیوبا بھی شامل ہے، تاہم امریکی کارروائی کے نتیجے میں وینزویلا کے صدر نکولس مادورو کی حراست کے بعد 3 نومبر سے کیوبا کو وینزویلا کی جانب سے تیل کی فراہمی معطل ہے۔

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button