اہم خبریںتازہ تریندنیا

جنوبی میکسیکو میں 6.5 شدت کا شدید زلزلہ

ویب ڈیسک: جنوبی میکسیکو میں 6.5 شدت کے طاقتور زلزلے نے شہریوں میں خوف و ہراس پھیلا دیا، جبکہ صدر کلاڈیا شین باؤم کی جاری پریس کانفرنس بھی کچھ دیر کے لیے روک دی گئی۔
برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق امریکی جیولوجیکل سروے (USGS) نے بتایا کہ زلزلے کا مرکز ریاست گیریرو میں بحرالکاہل کے ساحل کے قریب تھا اور اس کی گہرائی تقریباً 35 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی۔
زلزلے کے جھٹکے اس وقت محسوس کیے گئے جب صدر کلاڈیا شین باؤم میکسیکو سٹی میں صحافیوں سے خطاب کر رہی تھیں۔ اچانک زلزلے کے الارم بجنے لگے، جس پر صدر نے صحافیوں کے ہمراہ پُرسکون انداز میں عمارت خالی کی۔ صورتحال معمول پر آنے کے بعد پریس کانفرنس دوبارہ شروع کر دی گئی۔
صدر کلاڈیا شین باؤم اور ریاست گیریرو کے گورنر کے مطابق ابتدائی اطلاعات میں کسی جانی نقصان یا بڑے مالی خسارے کی تصدیق نہیں ہوئی۔ تاہم زلزلے کے باعث شہری خوفزدہ ہو کر گھروں سے باہر نکل آئے اور مختلف علاقوں میں سڑکوں پر ہلچل دیکھی گئی۔
صدر کا کہنا تھا کہ دارالحکومت میکسیکو سٹی میں کسی قسم کے نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی، تاہم احتیاطی اقدامات کے تحت صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔
ریاست گیریرو میں واقع مشہور سیاحتی شہر اکاپولکو بھی زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں شامل ہے، جہاں تعطیلات کے دوران سیاحوں کی بڑی تعداد موجود ہوتی ہے۔ یاد رہے کہ اکاپولکو اب بھی 2023 میں آنے والے کیٹیگری فائیو سمندری طوفان کے نقصانات سے بحالی کے مرحلے میں ہے۔

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button