موسم کیسا رہے گا؟ بارش ہوگی یا نہیں؟ محکمہ موسمیات نے اہم پیشگوئی کردی
اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے ملک کے بیشتر اضلاع میں سرد اور خشک موسم رہنے کی پیشگوئی کر دی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق، اسلام آباد اور گرد و نواح میں آج موسم سرد اور خشک رہے گا، جبکہ مری، گلیات اور گرد و نواح میں شدید سردی اور کہرا پڑنے کا امکان ہے۔ پنجاب کے زیادہ تر اضلاع میں بھی آج موسم سرد اور خشک رہنے کی توقع ہے۔
بلوچستان کے زیادہ تر اضلاع میں موسم سرد رہے گا اور شمالی اضلاع میں شدید سردی متوقع ہے۔ جنوب مغربی اضلاع جیسے جیوانی، پسنی، اورماڑہ، کیچ اور تربت میں ہلکی بارش کے ساتھ دھند پڑنے کا امکان ہے۔
سندھ کے مختلف اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہے گا، جبکہ سکھر، روہڑی، شکارپور، کشمور، دادو، لاڑکانہ، ٹنڈوجام اور موہنجوداڑو میں دھند چھائے رہنے کا امکان ہے۔
خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں سرد موسم، اور پہاڑی علاقوں میں شدید ٹھنڈ کی پیشگوئی ہے۔ پشاور، مردان، نوشہرہ، بنوں، کرک اور لکی مروت میں دھند پڑنے کا امکان ہے۔ ڈیرہ اسماعیل خان، چارسدہ، صوابی اور گرد و نواح میں بھی دھند متوقع ہے۔
آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں آج موسم شدید سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے۔






