اہم خبریںدنیا

واشنگٹن: ٹرمپ انتظامیہ ایران کے خلاف ممکنہ کارروائی پر غور کر رہی ہے، نیویارک ٹائمز

امریکی اخبار نیو یارک ٹائمز نے دعویٰ کیا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ ایران کے خلاف ممکنہ فوجی کارروائی پر سنجیدگی سے غور کر رہی ہے۔ رپورٹ کے مطابق صدر ٹرمپ کو ایران پر حملوں کے مختلف آپشنز پر بریفنگ دی جا چکی ہے، جس کے بعد تہران میں غیر فوجی اہداف کو نشانہ بنانے کے امکانات زیرِ غور ہیں۔

اخبار کے مطابق یہ غور و فکر ایران میں جاری حکومت مخالف مظاہروں کے تناظر میں کیا جا رہا ہے۔ امریکی حکام کا کہنا ہے کہ صدر ٹرمپ نے تاحال ایران پر حملوں کا کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا، تاہم وہ ایرانی حکومت کی جانب سے مظاہرین کے خلاف کارروائی کے ردعمل میں فوجی ایکشن کی اجازت دینے پر سنجیدگی سے سوچ رہے ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ممکنہ کارروائی کا ہدف براہِ راست فوجی تنصیبات کے بجائے غیر فوجی اہداف ہو سکتے ہیں، تاہم اس حوالے سے ابھی تک کوئی واضح یا حتمی حکمتِ عملی سامنے نہیں آئی۔

یاد رہے کہ ایران میں حکومت مخالف پُرتشدد مظاہرے تیرہویں روز بھی جاری ہیں۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اب تک 15 سکیورٹی اہلکاروں سمیت 65 افراد ہلاک ہو چکے ہیں، جبکہ امریکی جریدے ٹائم میگزین نے دعویٰ کیا ہے کہ جھڑپوں میں ہلاکتوں کی تعداد 217 تک پہنچ چکی ہے۔

واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ حالیہ دنوں میں ایرانی قیادت کو خبردار کر چکے ہیں کہ اگر مظاہرین کو قتل کیا گیا تو امریکا سخت ردعمل دے گا۔ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایران آج ماضی کے مقابلے میں زیادہ آزادی کی جانب دیکھ رہا ہے اور امریکا اس جدوجہد کی حمایت کے لیے تیار ہے۔

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button