ویب ڈیسک: برطانیہ کے وزیر اعظم کیر اسٹارمر نے نفرت پر مبنی جرائم میں اضافے کے بعد مساجد اور مسلم کمیونٹیز کے تحفظ کے لیے 10 ملین پاؤنڈ دینے کا اعلان کیا ہے۔
اس موقع پر اسٹارمر نے کہا کہ فنڈنگ میں اضافہ ملک بھر میں مسلمانوں اور مساجد کو نشانہ بنانے والے واقعات کے پیش نظر کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے یہ اعلان ایسٹ سسیکس میں پیس ہیون مسجد کے دورے کے بعد کیا، جو اس ماہ کے شروع میں آتش زنی کے مشتبہ حملے کا شکار ہوئی تھی۔
حملے میں کوئی زخمی نہیں ہوا، لیکن آگ نے مسجد کے سامنے دروازے اور قریب کھڑی ایک کار کو نقصان پہنچایا۔ پولیس نے واقعے کو نفرت انگیز جرم قرار دیا اور دو افراد کو گرفتار کیا ہے، تاہم ابھی تک کسی پر الزام عائد نہیں کیا گیا۔
حکومت کے مطابق اضافی فنڈز کا استعمال سی سی ٹی وی کیمرے، الارم سسٹمز، محفوظ باڑ اور پورے برطانیہ کی مساجد اور مسلم مراکز کے لیے سیکیورٹی عملے کی سہولت کے لیے کیا جائے گا۔






