پاکستان آئندہ برس جون میں آئی ایم ایف سے باہر ہوگا: رانا مشہود
لندن:
پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان آئندہ برس جون میں عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے پروگرام سے باہر آ جائے گا۔
لندن میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ 2018 میں مسلط کردہ حالات کے باعث پاکستان کئی سال پیچھے چلا گیا، ملک پر مہنگائی اور غربت مسلط کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ایسے وزیراعظم کو آئینی اور قانونی طریقے سے ہٹایا گیا۔
رانا مشہود کا کہنا تھا کہ عمران خان کے ذریعے پاکستان کے خلاف سازش کی گئی، جبکہ میاں نواز شریف نے 250 سے زائد پیشیاں بھگتیں، تاہم ان کے خلاف بنائے گئے تمام کیسز جھوٹے ثابت ہوئے۔ انہوں نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایبسلوٹی ناٹ کا نعرہ لگانے والے بعد میں انہی کے قدموں میں جا بیٹھے۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر کیسز جھوٹے ہیں تو پی ٹی آئی چیئرمین عدالتوں کا سامنا کرنے سے کیوں گھبراتے ہیں؟ ان کا کہنا تھا کہ گھڑی کیس ایک اوپن اینڈ شٹ کیس ہے۔
رانا مشہود احمد خان نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے دور میں پاکستان کو عالمی سطح پر کوئی اہمیت حاصل نہیں تھی، جبکہ موجودہ حالات میں جنگ کے دوران متعدد ممالک پاکستان کے ساتھ کھڑے تھے۔






