اسلام آباد
سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ملک کو ایک واضح پالیسی، سمت اور مؤثر نظام کی اشد ضرورت ہے، جس کے لیے ایک مضبوط اور بامقصد قومی تحریک ناگزیر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر کسی تحریک کا مقصد صرف ایک فرد کی رہائی ہو تو اس سے ملک کے بڑے مسائل حل نہیں ہو سکتے۔
نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ پاکستان اس وقت سنگین چیلنجز کا سامنا کر رہا ہے، جہاں نہ کوئی مستحکم نظام ہے، نہ کوئی واضح پالیسی، اور نہ ہی معاشی ترقی کی کوئی پائیدار راہ دکھائی دیتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ عام پاکستانی روز بروز غریب ہوتا جا رہا ہے اور ایسے حالات میں قومی سطح پر بامقصد تحریک کی ضرورت ہے جو ملک کو صحیح سمت میں لے جائے۔
انہوں نے تحریک انصاف کی حالیہ سیاسی سرگرمیوں پر بات کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان اور ان کی جماعت کا اصل مقصد واضح نہیں ہے۔ "اگر تحریک کا مقصد صرف عمران خان کی رہائی ہے تو یہ تحریک کامیاب نہیں ہو سکتی۔ قوم کو بڑے قومی مسائل پر توجہ دینی ہوگی،” انہوں نے کہا۔
شاہد خاقان عباسی نے عمران خان کے بیٹوں کے ممکنہ سیاسی کردار پر بھی تبصرہ کیا اور کہا کہ انہیں نہیں لگتا کہ وہ پاکستان آ کر کسی مؤثر تحریک کی قیادت کر سکیں گے، اور ان کے کردار سے کوئی خاص فرق نہیں پڑے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ کامیاب قومی تحریک وہی ہوگی جو عوامی مسائل، قومی اصلاحات اور ملک کی پائیدار ترقی کو اپنی بنیاد بنائے، نہ کہ صرف شخصیات کے گرد گھومے۔






