شبہ ہے کہ ضرورت پڑنے پر نیٹو ہمارے ساتھ کھڑا ہوگا یا نہیں، ڈونلڈ ٹرمپ
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکا ہمیشہ نیٹو کے ساتھ کھڑا رہے گا، چاہے نیٹو امریکا کے لیے موجود نہ ہو، تاہم انہیں شبہ ہے کہ ضرورت پڑنے پر نیٹو امریکا کا ساتھ دے گا یا نہیں۔
سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ چین اور روس صرف امریکا سے ڈرتے ہیں اور اس کی عزت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم ہمیشہ نیٹو کے ساتھ رہیں گے، لیکن اب مجھے شک ہے کہ نیٹو مشکل وقت میں ہمارے ساتھ کھڑا ہوگا۔
امریکی صدر نے کہا کہ نیٹو کے زیادہ تر رکن ممالک اپنی مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی) کا 2 فیصد دفاع پر خرچ کرنے کی ذمہ داری پوری نہیں کر رہے تھے، جبکہ امریکا سب کا بوجھ اٹھا رہا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ اپنی کوششوں کے باعث انہوں نے بعض ممالک کو 5 فیصد تک ادائیگی کرنے پر مجبور کیا، جو اس سے پہلے ناممکن سمجھا جاتا تھا۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید کہا کہ اگر وہ مداخلت نہ کرتے تو روس پورے یوکرین پر قبضہ کر چکا ہوتا۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے اکیلے 8 جنگیں ختم کرائیں، جس کے نتیجے میں لاکھوں جانیں بچیں، اور یہ ان کی حقیقی کامیابی ہے۔
امریکی صدر نے کہا کہ امریکا کو دوبارہ عظیم بنانا ان کا بنیادی مقصد ہے، اور اپنی پہلی مدتِ صدارت میں انہوں نے امریکی فوج کو مضبوط بنانے کا عمل جاری رکھا۔






