شدید سرد موسم اور برفباری کے بعد برطانیہ کو اب طاقتور طوفان گوریٹی کا سامنا ہے، جس نے تیز ہواؤں، موسلا دھار بارش اور مزید برفباری کے ساتھ ملک کا رُخ کر لیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق طوفان جمعرات کی دوپہر جنوب مغربی انگلینڈ کے ساحل سے ٹکرائے گا۔ کارنوال اور آئل آف سسلی میں ہواؤں کی رفتار 90 میل فی گھنٹہ تک پہنچنے کا امکان ہے، جس کے باعث املاک کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ طوفان کے اثرات انگلینڈ اور ویلز کے بیشتر حصوں میں محسوس کیے جائیں گے۔
محکمہ موسمیات نے جمعرات اور جمعہ کے لیے یلو اور ایمبر وارننگز جاری کر دی ہیں۔ رپورٹس کے مطابق شمال مغربی علاقوں سے پھیلنے والی بارش انگلینڈ اور ویلز کے مختلف حصوں میں برسے گی، جو جمعرات کی شام تک سرد آرکٹک ہوا سے ٹکرا کر برفباری میں تبدیل ہو سکتی ہے۔
مشرقی ویلز اور مڈلینڈز میں 15 سینٹی میٹر تک برف پڑنے کا امکان ہے، جبکہ ویلز کے پہاڑی علاقوں اور پیک ڈسٹرکٹ میں 30 سینٹی میٹر تک برفباری متوقع ہے۔ موسلا دھار بارش کے باعث جنوب مغربی ویلز اور مشرقی انگلینڈ میں سیلاب کا خطرہ بھی پیدا ہو گیا ہے۔
نیشنل ہیلتھ سروس کے مطابق شدید سرد موسم کے باعث نظامِ صحت پر دباؤ بڑھ رہا ہے، جبکہ حکومت کی جانب سے کولڈ ویدر پیمنٹ کے تحت 10 لاکھ سے زائد گھرانوں کو ادائیگیاں کی جائیں گی۔
ادھر ریڈنگ میں پھسلن کے باعث بس اور اسکول کوچ کے درمیان حادثہ پیش آیا، جس میں 9 بچے، کوچ ڈرائیور اور 8 دیگر افراد معمولی زخمی ہو گئے۔
یورپ میں بھی موسم کی شدت کے اثرات دیکھنے میں آ رہے ہیں۔ رپورٹس کے مطابق نیدرلینڈز کے شپول ایئرپورٹ ایمسٹرڈیم اور فرانس کے چارلس ڈی گال ایئرپورٹ پیرس سے سیکڑوں پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔






