کیمبرج (امریکا): امریکی ریاست میساچوسٹس کے شہر کیمبرج میں پہلی بار میئر اور ڈپٹی میئر کے عہدوں پر پاکستانی نوجوان منتخب ہوگئے ہیں۔
5 جنوری 2026 کو ہونے والے انتخابات میں کراچی کی سنبل صدیقی سال 2026-27 کے لیے تیسری بار کیمبرج کی میئر منتخب ہوئی ہیں، جبکہ بورے والا کے برہان عظیم کم عمر ترین ڈپٹی میئر بن گئے ہیں۔
سنبل صدیقی، جو کراچی سے تعلق رکھتی ہیں، وکیل ہیں اور امریکا میں سیاسی میدان میں کافی متحرک رہی ہیں۔ وہ پہلی بار 2017 میں کیمبرج کونسل کے لیے منتخب ہوئی تھیں اور 2020 سے 2024 تک دو بار کیمبرج کی میئر رہ چکی ہیں۔ ریاست میساچوسٹس کی تاریخ میں سنبل صدیقی کی یہ کامیابی انہیں کیمبرج کی پہلی مسلمان میئر اور ایشیائی خاتون بناتی ہے جو مسلسل تیسری بار میئر منتخب ہوئی ہیں۔
دوسری جانب پنجاب کے شہر بورے والا سے تعلق رکھنے والے پروفیسر منیر چوہدری کے بیٹے برہان عظیم ایم آئی ٹی یونیورسٹی بوسٹن سے انجینیئر ہیں۔ برہان عظیم پہلے بھی کیمبرج سٹی کے کم عمر ترین کونسلر کے طور پر منتخب ہو چکے ہیں اور دوسری بار کونسلر منتخب ہوکر اب کم عمر ترین ڈپٹی میئر بھی بن گئے ہیں۔
یہ کامیابی پاکستانی نژاد نوجوانوں کے لیے امریکی سیاست میں ایک تاریخی سنگِ میل قرار دی جا رہی ہے۔






