محکمہ موسمیات کا اعلان: شعبان کا چاند 21 جنوری 2026 کو نظر آئے گا
کراچی: محکمہ موسمیات نے شعبان کے چاند کے حوالے سے پیش گوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ یکم شعبان 1447 ہجری بدھ، 21 جنوری 2026 کو ہونے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شعبان کا چاند 19 جنوری 2026 کو رات 12 بج کر 52 منٹ پر پیدا ہوگا، تاہم 19 جنوری کی شام کراچی سمیت ملک کے کسی بھی حصے میں چاند نظر آنے کا امکان نہیں ہے۔
محکمے نے وضاحت کی کہ غروبِ آفتاب کے وقت چاند کی عمر صرف 17 سے 18 گھنٹے کے درمیان ہوگی، جب کہ رویت کے لیے چاند کی عمر کم از کم 19 گھنٹے ہونی چاہیے۔ غروبِ آفتاب کے وقت چاند کی عمر تقریباً 17 گھنٹے 40 منٹ ہوگی، اس لیے نظر آنا ممکن نہیں۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ سندھ میں چاند غروبِ آفتاب کے بعد تقریباً 32 سے 33 منٹ تک افق پر موجود رہے گا، جبکہ پنجاب اور خیبرپختونخوا میں یہ دورانیہ 30 سے 31 منٹ ہوگا۔ مطلع صاف یا جزوی ابر آلود ہونے کے باوجود چاند کی رویت ممکن نہیں ہوگی۔
مزید براں، محکمہ موسمیات نے کہا کہ 29 رجب کو بھی ملک بھر میں چاند نظر آنے کا کوئی امکان نہیں ہے اور اس حوالے سے رویت ہلال کمیٹی کو تفصیلی رپورٹ ارسال کر دی گئی ہے۔






