گیس صارفین کیلئےخوشخبری، حکومت کا گیس کی قیمت سے متعلق اہم فیصلہ
اسلام آباد: وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ حکومت نے یکم جنوری 2026 سے گیس کی قیمت میں کوئی اضافہ نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے پیٹرولیم کو بریفنگ دیتے ہوئے علی پرویز ملک نے بتایا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر گیس کی قیمت برقرار رکھی جا رہی ہے اور کسی قسم کی تبدیلی نہیں کی جا رہی۔ انہوں نے کہا کہ گیس کے سرکلر ڈیٹ میں مزید اضافہ نہیں ہو رہا، اور موجودہ گردشی قرضہ 3 ہزار ارب روپے ہے جس میں ایل پی ایس بھی شامل ہے۔
وزیر پیٹرولیم نے قطر کے ساتھ تعلقات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ عالمی سطح پر ایل این جی کارگو کی قیمت 30 ڈالر تک پہنچنے کے باوجود قطر نے معاہدے کے مطابق فراہمی جاری رکھی، اور حکومت اس تعلق کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ گیس کے گردشی قرض کا فلو صفر ہے، اور 3 ہزار ارب روپے کے موجودہ گردشی قرض میں 1700 ارب روپے سود کے ہیں۔ اگر گردشی قرض بڑھ رہا ہوتا تو گیس کی قیمت میں اضافہ کرنا پڑتا۔ علی پرویز ملک نے واضح کیا کہ رواں سال گیس کی قیمتیں برقرار رہیں گی۔
قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں وزیر نے پاور سیکٹر کے گیس استعمال کی صورتحال پر بھی روشنی ڈالی اور بتایا کہ پاور سیکٹر صبح 800 ایم ایم سی ایف ڈی گیس طلب کرتا ہے، لیکن دن کے 12 بجے وہی سیکٹر صرف 400 ایم ایم سی ایف ڈی گیس طلب کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاور سیکٹر نے جنوری میں 200 ایم ایم سی ایف ڈی گیس طلب کی تھی، مگر اب 500 ایم ایم سی ایف ڈی کی مانگ کر رہا ہے۔






