اہم خبریںتازہ تریندنیا

ایرانی حکومت نے عوام کیلئے بڑے ریلیف کا اعلان کردیا

تہران: ایران میں بڑھتی ہوئی مہنگائی اور ملک بھر میں جاری احتجاجی مظاہروں کے تناظر میں حکومت نے عوام کو فوری ریلیف فراہم کرنے کے لیے ماہانہ مالی الاؤنس دینے کا اعلان کر دیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ایرانی حکومت کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد شہریوں پر بڑھتے ہوئے معاشی دباؤ کو کم کرنا اور روزمرہ ضروریات کی خریداری میں مدد فراہم کرنا ہے۔ ایرانی حکومت کی ترجمان فاطمہ مہاجرانی نے سرکاری ٹیلی ویژن پر بیان دیتے ہوئے بتایا کہ ہر ایرانی شہری کو ماہانہ 10 لاکھ تومان دیے جائیں گے، جو تقریباً سات امریکی ڈالر کے مساوی ہیں۔

ترجمان کے مطابق یہ رقم مسلسل چار ماہ تک شہریوں کے بینک اکاؤنٹس میں منتقل کی جائے گی اور الاؤنس کی فراہمی بلا تفریق تمام شہریوں کے لیے ہوگی تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔ فاطمہ مہاجرانی کا کہنا تھا کہ حکومت کو عوام کو درپیش معاشی مشکلات کا مکمل ادراک ہے اور موجودہ حالات میں فوری ریلیف دینا ناگزیر ہو چکا تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس مالی امداد کے ذریعے شہری اشیائے ضروریہ کی خریداری کر سکیں گے اور مہنگائی کے اثرات کو کسی حد تک کم کرنے میں مدد ملے گی۔

واضح رہے کہ ایران اس وقت شدید معاشی بحران کا شکار ہے۔ جوہری پروگرام کے باعث امریکا اور دیگر مغربی ممالک کی جانب سے عائد پابندیوں نے ایرانی معیشت کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق دسمبر میں مہنگائی کی شرح 52 فیصد تک پہنچ گئی تھی، جس کے بعد عوامی بے چینی میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا۔

مہنگائی، بے روزگاری اور معاشی غیر یقینی صورتحال کے خلاف شروع ہونے والے احتجاجی مظاہرے اتوار کو آٹھویں روز میں داخل ہو گئے ہیں۔ رپورٹس کے مطابق یہ مظاہرے ملک کے 40 مختلف شہروں تک پھیل چکے ہیں، جن میں زیادہ تر مغربی علاقوں میں درمیانے درجے کے احتجاج ریکارڈ کیے گئے ہیں۔

احتجاج کے دوران بعض مقامات پر پرتشدد واقعات بھی پیش آئے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق اب تک 12 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جن میں سکیورٹی اہلکار بھی شامل ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ صورتحال پر قابو پانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں جبکہ عوامی غصے کو کم کرنے کے لیے اعلان کردہ معاشی ریلیف پیکج کو ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button