اہم خبریںتازہ تریندنیا

قومی مفاد میں یورپی یونین سے قریبی ہم آہنگی کیلئے تیار ہوں: سر کیئر اسٹارمر

برطانوی وزیرِاعظم سر کیئر اسٹارمر نے کہا ہے کہ اگر یہ برطانیہ کے قومی مفاد میں ہوا تو ملک کو یورپی یونین کی منڈیوں کے ساتھ مزید قریبی ہم آہنگی کی جانب بڑھنا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ یورپ کے ساتھ تعلقات میں بہتری پر غور کیا جا سکتا ہے، تاہم بریگزٹ سے متعلق لیبر پارٹی کے بنیادی وعدوں پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

برطانوی میڈیا کے مطابق ایک انٹرویو میں سر کیئر اسٹارمر نے کہا کہ مستقبل میں یورپی یونین کے ساتھ ہم آہنگی کے لیے کسٹمز یونین کے بجائے سنگل مارکیٹ کو ترجیح دینا برطانیہ کے مفاد میں ہو سکتا ہے، تاکہ امریکا اور بھارت کے ساتھ طے پانے والے تجارتی معاہدوں کو تحفظ دیا جا سکے۔

انہوں نے واضح کیا کہ لیبر پارٹی اپنے انتخابی منشور میں کیے گئے وعدوں پر قائم ہے اور نہ تو یورپی یونین کی سنگل مارکیٹ یا کسٹمز یونین میں دوبارہ شمولیت اختیار کی جائے گی اور نہ ہی آزادیٔ نقل و حرکت (فریڈم آف موومنٹ) کی بحالی پر غور کیا جا رہا ہے۔

سر کیئر اسٹارمر کا مزید کہنا تھا کہ امریکا اور بھارت کے ساتھ قومی مفاد میں تجارتی معاہدے طے پا جانے کے بعد اب برطانیہ کے لیے بہتر یہی ہے کہ وہ کسٹمز یونین کے بجائے سنگل مارکیٹ کے ساتھ قریبی ہم آہنگی پر توجہ دے، کیونکہ ان معاہدوں سے دستبردار ہونا ملک کے مفاد میں نہیں ہوگا۔

واضح رہے کہ برطانیہ پہلے ہی یورپی یونین کے ساتھ خوراک اور زراعت سے متعلق بعض قواعد و ضوابط میں ہم آہنگی کر رہا ہے تاکہ یورپی تجارتی بلاک تک رسائی کو آسان بنایا جا سکے۔

دوسری جانب کنزرویٹو پارٹی نے وزیرِاعظم کے بیان پر تنقید کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ وہ برطانیہ کی معاشی مشکلات کا ذمہ دار بریگزٹ کو قرار دے رہے ہیں۔

سیاسی مبصرین کے مطابق سر کیئر اسٹارمر کے حالیہ بیانات اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ برطانوی حکومت یورپی یونین کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعلقات کو بتدریج مضبوط بنانے کی خواہاں ہے، تاہم یورپی یونین کی بنیادی رکنیت یا ادارہ جاتی شمولیت سے گریز کی پالیسی برقرار رکھی جائے گی۔

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button