ملک بھر میں میں سردی کے ڈیرے ،بالائی علاقوں میں برفباری سے جھیلیں جم گئیں
ویب ڈیسک: ، دھند میں کمی سے حدِ نگاہ بہتر
شہر میں سردی کی شدت برقرار ہے تاہم دھند کم ہونے کے باعث حدِ نگاہ میں بہتری آ گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 16 جبکہ کم سے کم 6 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر میں تین کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں، جبکہ آج بھی سورج اور بادلوں کے درمیان آنکھ مچولی جاری رہے گی۔ بارش کا کوئی امکان ظاہر نہیں کیا گیا۔
آلودگی کے اعتبار سے لاہور دسویں نمبر پر رہا، جہاں فضائی آلودگی کی شرح 160 ریکارڈ کی گئی۔
دوسری جانب ملک کے بالائی علاقے بدستور شدید سردی کی لپیٹ میں ہیں۔ شدید سرد موسم کے باعث جھیلیں جم گئیں جبکہ پہاڑوں پر برفباری سے آزاد کشمیر، خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان کے سیاحتی مقامات پر قدرتی حسن میں اضافہ ہو گیا ہے، جس سے سیاحت کو فروغ ملا۔
اسلام آباد بھی خشک سردی اور دھند کی لپیٹ میں ہے۔ دن بھر شہر کا مطلع ابر آلود رہا، تاہم محکمہ موسمیات کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں بارش کا کوئی امکان نہیں۔
ملکہ کوہسار مری میں برفباری کے بعد دھوپ نکل آئی، جس سے نظارے مزید دلفریب ہو گئے۔ خوشگوار موسم سے لطف اندوز ہونے کے لیے سیاحوں نے تفریحی مقامات کا رخ کیا اور قدرت کے حسین مناظر سے خوب محظوظ ہوئے۔
ہزارہ ڈویژن کے بالائی علاقوں میں ایک بار پھر برفباری کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ چھٹی کے روز نتھیا گلی میں مقیم سیاحوں نے سنو فال کو بھرپور انداز میں انجوائے کیا۔ ادھر مالم جبہ کا موسم بھی حسین ہو گیا، جہاں سیاحوں کی بڑی تعداد نے وادی کا رخ کیا اور برفباری و قدرتی حسن سے لطف اندوز ہوئے۔
وادی شگر میں موسمِ سرما اور سال کی پہلی برفباری کا آغاز ہو گیا ہے۔ برفباری کے باعث موسم مزید سرد ہو گیا جبکہ ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں کمی آ گئی۔ برفباری دیکھ کر سیاحوں کے چہرے کھل اٹھے۔
دوسری جانب کوئٹہ سمیت بلوچستان کے شمالی اور وسطی اضلاع میں بھی سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے، جس سے معمولاتِ زندگی متاثر ہونے لگے ہیں۔






