اہم خبریںپاکستانتازہ ترینلمحہ با لمحہ

حج 2026 کی تیاریوں کا آغاز، پاکستان میں لازمی تربیتی پروگرام کا پہلا مرحلہ شروع

ویب ڈیسک: حج 2026 کے لیے لازمی تربیتی پروگراموں کا آغاز، ویکسینیشن مرحلہ بھی شروع ہوگا

حج 2026 کے انتظامات کو مؤثر اور منظم بنانے کے لیے حکومتِ پاکستان نے ملک بھر میں لازمی حج تربیتی پروگراموں کے پہلے مرحلے کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔ ان تربیتی نشستوں کا مقصد عازمینِ حج کو مناسکِ حج، سفری امور اور انتظامی طریقۂ کار سے مکمل آگاہی فراہم کرنا ہے، جبکہ تربیت کے بعد ویکسینیشن کا مرحلہ بھی شروع کیا جائے گا۔

سرکاری میڈیا کے مطابق اسلام آباد سمیت مختلف شہروں میں ایک روزہ لازمی تربیتی سیشنز کا آغاز ہو چکا ہے، جو فروری تک مرحلہ وار ملک بھر میں منعقد کیے جائیں گے۔ وزارتِ مذہبی امور کا کہنا ہے کہ یہ تربیتی پروگرام تجربہ کار ٹرینرز اور علما کی نگرانی میں ملٹی میڈیا پریزنٹیشنز کے ذریعے منعقد کیے جا رہے ہیں تاکہ عازمینِ حج کو دورانِ سفر اور قیام کے تمام مراحل سے پیشگی آگاہ کیا جا سکے۔

وزارت کے مطابق ان تربیتی نشستوں کو لازمی قرار دیا گیا ہے تاکہ دورانِ حج کسی بھی قسم کی مشکلات یا ابہام سے بچا جا سکے۔ عازمینِ حج 2026 کی تربیت کا پہلا مرحلہ یکم جنوری سے اسلام آباد میں شروع ہوا، جبکہ تربیتی شیڈول کی معلومات ’پاک حج 2026‘ موبائل ایپ اور ایس ایم ایس کے ذریعے فراہم کی جا رہی ہیں۔

ریڈیو پاکستان کے مطابق ابتدائی مرحلے میں اسلام آباد اور دیگر شہروں میں تربیتی سیشنز شروع ہو چکے ہیں، جبکہ آئندہ دنوں میں راولاکوٹ، بدین، نوشہرو فیروز، فتح جنگ، دادو، تھرپارکر، عمرکوٹ، لاڑکانہ، میرپورخاص، شہدادکوٹ اور مانسہرہ میں بھی تربیتی پروگرام منعقد کیے جائیں گے۔

سرکاری میڈیا کا کہنا ہے کہ تربیتی نشستوں کے اختتام پر تمام حج کیمپوں میں لازمی ویکسینیشن کا عمل بھی شروع کر دیا جائے گا۔ عازمین کو تربیت اور ویکسینیشن سے متعلق مکمل معلومات پاک حج 2026 ایپ، ایس ایم ایس سروس اور وزارتِ مذہبی امور کی ویب سائٹ کے ذریعے فراہم کی جا رہی ہیں۔

دوسری جانب سعودی عرب نے حج 2026 کے لیے پاکستان کو ایک لاکھ 79 ہزار 210 عازمین کا کوٹہ الاٹ کیا ہے، جن میں سے تقریباً ایک لاکھ 18 ہزار عازمین سرکاری حج اسکیم کے تحت فریضۂ حج ادا کریں گے، جبکہ باقی کوٹہ نجی ٹور آپریٹرز کو دیا جائے گا۔ سرکاری حج پیکج کی متوقع لاگت 11 لاکھ 50 ہزار سے 12 لاکھ 50 ہزار روپے کے درمیان بتائی گئی ہے، جو حتمی معاہدوں سے مشروط ہو گی۔

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button