اسحاق ڈار اور چین کے نائب وزیراعظم کی ملاقات، پاک چین شراکت داری مضبوط بنانے پر اتفاق
بیجنگ: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے دورۂ چین کے دوران چین کے ایگزیکٹو نائب وزیراعظم ڈِنگ شیو شیانگ سے ملاقات کی، جس میں پاک چین اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا گیا۔
ملاقات کے دوران چینی نائب وزیراعظم ڈِنگ شیو شیانگ نے چین کے لیے پاکستان کی مستقل اور غیر متزلزل حمایت کو سراہا، جبکہ دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے پر اتفاق کیا۔
اس موقع پر دونوں فریقین نے پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی پچھترویں سالگرہ کی تاریخی اہمیت کو اجاگر کیا اور اس سنگ میل کو باہمی تعاون کے فروغ، خصوصاً چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کو مؤثر انداز میں بروئے کار لانے کے لیے استعمال کرنے پر اتفاق کیا۔
چینی نائب وزیراعظم نے پاکستان کی قیادت اور عوام کے لیے نئے سال کی نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔
دریں اثنا، اس سے قبل نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی ملائیشیا کے وزیر خارجہ محمد بن حاجی حسن سے ٹیلی فونک گفتگو بھی ہوئی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید گہرا کرنے پر اتفاق کیا گیا۔






