ملک کے میدانی علاقوں میں شدید دھند، پروازیں متاثر، موٹرویز کئی مقامات پر ٹریفک کیلئے بند
شدید دھند کے باعث ملک کے میدانی علاقوں میں نظامِ زندگی متاثر، متعدد موٹرویز بند
لاہور/اسلام آباد: ملک کے میدانی علاقے شدید دھند کی لپیٹ میں ہیں جس کے باعث فضائی اور زمینی سفر شدید متاثر ہو رہا ہے۔ دھند کے باعث پروازوں میں تاخیر اور منسوخی کا سامنا ہے جبکہ موٹرویز کے مختلف حصے ٹریفک کے لیے بند کر دیے گئے ہیں۔
موٹروے پولیس کے مطابق شدید دھند کے باعث موٹروے ایم ون پشاور سے رشکئی تک بند کر دی گئی ہے، جبکہ موٹروے ایم تھری فیض پور سے درخانہ تک ٹریفک کے لیے بند ہے۔
موٹروے پولیس کا کہنا ہے کہ موٹروے ایم فور پنڈی بھٹیاں سے شیر شاہ تک اور موٹروے ایم فائیو روہڑی سے شیر شاہ تک بھی شدید دھند کے باعث بند کر دی گئی ہیں۔
اس کے علاوہ موٹروے ایم الیون لاہور سے سمبڑیال تک جبکہ موٹروے ایم فورٹین کوٹ بیلیاں سے عیسیٰ خیل تک دھند کی وجہ سے بند ہے۔
موٹروے پولیس نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور سفر کی صورت میں محتاط ڈرائیونگ، مناسب رفتار اور فوگ لائٹس کے استعمال کی ہدایت کی ہے۔ ترجمان کے مطابق دھند کے خاتمے اور حدِ نگاہ بہتر ہونے پر موٹرویز کو مرحلہ وار کھولا جائے گا۔






