پاکستان ایئر فورس کا ’تیمور‘ کروز میزائل کا کامیاب تجربہ، دفاعی صلاحیت میں نمایاں اضافہ
ویب ڈیسک: پاکستان ایئر فورس نے مقامی طور پر تیار کردہ ’تیمور‘ ایئر لانچڈ کروز میزائل کا کامیاب تجربہ کر لیا ہے، جو ملکی دفاعی صلاحیت میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ تجربہ پاک فضائیہ نے جدید ویپن سسٹم کی جانچ کے سلسلے میں کیا۔ ’تیمور‘ ایئر لانچڈ کروز میزائل 600 کلومیٹر تک زمینی اور بحری اہداف کو انتہائی درستگی کے ساتھ نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ میزائل جدید نیویگیشن اور گائیڈنس سسٹمز سے لیس ہے اور کم بلندی پر پرواز کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، جس کے باعث یہ دشمن کے فضائی اور میزائل دفاعی نظام کو مؤثر انداز میں چکمہ دے سکتا ہے۔
فوجی حکام کے مطابق اس کامیاب تجربے سے پاکستان کی فضائی طاقت اور ڈیٹرنس صلاحیت مزید مضبوط ہوئی ہے، جبکہ یہ کامیابی دفاعی ٹیکنالوجی میں خود انحصاری کی جانب ایک اور اہم قدم ہے۔






