اہم خبریںتازہ تریندنیا

ایران میں بڑھتی مہنگائی کے خلاف احتجاج: جھڑپوں میں 6 افراد ہلاک

ایران میں مہنگائی اور بڑھتے ہوئے اخراجاتِ زندگی کے خلاف جاری احتجاج کے دوران سکیورٹی فورسز اور مظاہرین کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئیں، جس میں کم از کم 6 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق یہ حالیہ مظاہروں میں پہلی بار ہلاکت خیز جھڑپیں ہوئی ہیں۔
مغربی ایران کے مختلف شہروں میں ہونے والے تصادم میں ہلاک ہونے والوں میں ایک سکیورٹی اہلکار بھی شامل ہے۔ نیم سرکاری خبر رساں ادارے فارس کے مطابق صوبہ چهارمحال و بختیاری کے شہر لردگان میں دو شہری سکیورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپوں میں مارے گئے۔
سرکاری میڈیا کے مطابق، صوبہ لورستان کے شہر کوہدشت میں بسیج فورس کا ایک 21 سالہ اہلکار ہلاک ہوا، جسے حکام نے مظاہرین کی جانب سے پتھراؤ کے دوران جان سے ہاتھ دھونے والا قرار دیا ہے۔ انسانی حقوق کی تنظیم ہینگاؤ کے مطابق، لردگان میں سکیورٹی فورسز کی فائرنگ سے متعدد افراد ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔ تاہم، ان دعوؤں کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی۔
یہ احتجاج اتوار کو تہران میں تاجروں کی ہڑتال کے ساتھ شروع ہوا، جو مہنگائی، معاشی بحران اور ایرانی کرنسی کی قدر میں کمی کے خلاف تھا۔ بعد میں یہ مظاہرے ملک کے دیگر بڑے شہروں میں پھیل گئے اور کم از کم 10 جامعات کے طلبہ بھی احتجاج میں شامل ہو گئے۔
ایران کی معیشت مغربی پابندیوں کے باعث شدید دباؤ کا شکار ہے، اور گزشتہ سال کے دوران ایرانی ریال امریکی ڈالر کے مقابلے میں ایک تہائی سے زیادہ قدر کھو چکا ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق، دسمبر 2025 میں مہنگائی کی شرح 52 فیصد تک پہنچ گئی۔
ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے مظاہرین کے مطالبات کو جائز قرار دیتے ہوئے حکومت سے معاشی صورتحال بہتر بنانے کا مطالبہ کیا ہے، تاہم ایرانی حکام نے خبردار کیا ہے کہ امن و امان خراب کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button