سوئٹزرلینڈ کے معروف اسکی ریزورٹ کرانس مونٹانا میں واقع ایک لگژری بار میں ہونے والے زوردار دھماکے کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد 40 تک جا پہنچی ہے، جبکہ تقریباً 100 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق سوئس پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکا بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب تقریباً ایک بج کر 30 منٹ پر اُس وقت ہوا جب نیو ایئر نائٹ کی تقریبات کے باعث بار میں بڑی تعداد میں لوگ موجود تھے۔ دھماکے کے فوراً بعد بار میں آگ بھڑک اٹھی جس کے باعث جانی نقصان میں اضافہ ہوا۔
سوئس پولیس حکام نے ابتدائی طور پر ہلاکتوں اور زخمیوں کی تعداد کی تصدیق نہیں کی تھی، تاہم بعد ازاں اطالوی وزارت خارجہ نے سوئس پولیس کے حوالے سے بتایا کہ واقعے میں تقریباً 40 افراد ہلاک اور 100 کے قریب زخمی ہوئے ہیں، جن میں سے بیشتر کی حالت تشویشناک ہے۔
سوئس پولیس کمشنر کے مطابق زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ امدادی کارروائیاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ متاثرین میں کچھ غیر ملکی شہری بھی شامل ہیں۔
سوئس حکام نے واضح کیا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق اس واقعے کو دہشت گرد حملہ قرار نہیں دیا جا رہا، تاہم دھماکے کی وجوہات جاننے کے لیے تفتیش جاری ہے۔






