نئی دہلی: بھارتی وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے کہا ہے کہ بھارت پاکستان کے ساتھ تعلقات کے معاملے میں کسی بھی قسم کی ثالثی کو قبول نہیں کرتا۔ انہوں نے واضح کیا کہ دو طرفہ امور کو صرف بھارت اور پاکستان کے درمیان ہی حل ہونا چاہیے۔
نئی دہلی میں "اکنامک ٹائمز ورلڈ لیڈرز فورم” سے خطاب کرتے ہوئے جے شنکر نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اندازِ خارجہ پالیسی پر تنقید کی اور کہا،
"میں نے ایسا کوئی امریکی صدر نہیں دیکھا جو خارجہ پالیسی کو اس قدر عوامی انداز میں چلائے۔”
جے شنکر نے "آپریشن سندور” کے دوران امریکا سمیت دیگر ممالک کی جانب سے موصول ہونے والی فون کالز کا اعتراف کرتے ہوئے کہا،
"یہ کوئی خفیہ بات نہیں، امریکا کی ہر کال کا ریکارڈ میرے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) اکاؤنٹ پر موجود ہے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ بین الاقوامی سطح پر مختلف ممالک نے تشویش کا اظہار کیا، تاہم بھارت نے ہر کال کا سفارتی انداز میں جواب دیا۔
جے شنکر کے اس بیان سے ایک بار پھر واضح ہو گیا ہے کہ بھارت پاکستان سے تعلقات کے لیے کسی تیسرے فریق کی مداخلت کو تسلیم کرنے کو تیار نہیں۔






