اہم خبریںپاکستانتازہ ترینلمحہ با لمحہ

پاکستان میں سال 2026 کا پہلا سورج امیدوں اور دعاؤں کے ساتھ طلوع

سال 2026 کا سورج پاکستان میں نئی امنگوں، امیدوں اور روشن خوابوں کے ساتھ طلوع ہو گیا، جبکہ تلخ و شیریں یادوں سے بھرپور سال 2025 ماضی کا حصہ بن گیا۔

کراچی میں نئے سال کا سورج صبح 7 بج کر 17 منٹ پر طلوع ہوا۔ شہریوں کی بڑی تعداد ہل پارک پہنچی جہاں انہوں نے سال 2026 کے پہلے طلوعِ آفتاب کے دلکش مناظر کیمرے کی آنکھ میں محفوظ کیے۔ مساجد میں ملکی سلامتی، ترقی، خوشحالی اور امن کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ وہ پاکستان سمیت پوری دنیا کے لیے امن و استحکام کے خواہاں ہیں۔

دوسری جانب جڑواں شہروں راولپنڈی اور اسلام آباد میں موسلا دھار بارش کے باعث شہری نئے سال کا سورج نہ دیکھ سکے، تاہم چار ماہ کی خشک سالی کے بعد ہونے والی بارش کو قدرت کی جانب سے بڑی نعمت قرار دیا جا رہا ہے۔ گرج چمک کے ساتھ ہونے والی شدید بارش سے شہر جل تھل ہو گئے، پارکس اور درخت دھل گئے اور فضا میں تازگی پھیل گئی۔

نئے سال کے پہلے دن کا آغاز جڑواں شہروں کی مساجد اور امام بارگاہوں میں نمازِ فجر سے ہوا۔ بارش کے باوجود باجماعت نماز میں غیر معمولی رش دیکھنے میں آیا، جس کے بعد پاکستان کی ترقی، خوشحالی، سلامتی اور مضبوط مستقبل کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔

ادھر سال 2026 کے آغاز پر عوام کو دو بڑی خوشخبریاں بھی ملیں۔ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں دس روپے تک ریکارڈ کمی کو نئے سال کا بڑا تحفہ قرار دیا جا رہا ہے، جبکہ دوسری خوشخبری خشک سالی کے بعد برسنے والی بارانِ رحمت ہے۔

لاہور سمیت پنجاب بھر میں ابرآلود موسم اور شدید دھند کے باعث نئے سال کے پہلے سورج کو پوری طرح نمودار ہونے میں مشکلات پیش آئیں۔ لاہور میں طلوعِ آفتاب کا وقت صبح 7 بج کر 1 منٹ تھا، تاہم بادلوں کے باعث شہری سورج کے دیدار سے محروم رہے۔ شہر میں درجہ حرارت 10 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ رات بھر ہلکی بوندا باندی ہوتی رہی۔ آج لاہور میں سورج غروب ہونے کا وقت شام 5 بج کر 10 منٹ ہے۔

کوئٹہ میں نئے سال کا سورج صبح 7 بج کر 45 منٹ پر طلوع ہوا۔ نمازِ فجر میں ملک کی امن و سلامتی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ دعا ہے سال نو کی پہلی کرن ملک میں خوشحالی اور استحکام لے کر آئے۔

یوں سال 2025 اپنی یادوں، تجربات اور سبق کے ساتھ رخصت ہو گیا، جبکہ سال 2026 ایک نئی شروعات، نئی روشنی اور روشن مستقبل کی امید کے ساتھ طلوع ہو چکا ہے۔

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button