اہم خبریںتازہ تریندنیا

ڈونلڈ ٹرمپ کا فلوریڈا میں خطاب: "ہم نے دنیا میں 8 جنگیں رکوائیں، سب سے خطرناک پاک بھارت جنگ تھی”

فلوریڈا: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ انہوں نے دنیا بھر میں 8 جنگوں کو رکوایا، جن میں سب سے زیادہ خطرناک پاک بھارت جنگ تھی۔ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ اگر یہ جنگ جاری رہتی تو اس کے عالمی سطح پر منفی اثرات پڑ سکتے تھے۔ انہوں نے اس جنگ میں ہونے والے نقصان کی تفصیلات بھی شیئر کی، خاص طور پر مئی میں ہونے والے فضائی تصادم میں 8 جنگی طیاروں کی تباہی کا ذکر کیا۔

صدر ٹرمپ نے پاکستان کے فیلڈ مارشل عاصم منیر کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان کی شخصیت انتہائی قابل احترام ہے۔

اپنے خطاب میں ٹرمپ نے امریکی بحریہ کو دنیا کی بہترین بحری طاقت قرار دیا اور کہا کہ امریکی فوج میں دنیا کا طاقتور ترین طیارہ بردار جہاز شامل کیا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق امریکا کو نئے بحری جہازوں کی اشد ضرورت تھی اور اب امریکی سب میرینز دنیا کی سب سے جدید ہیں، آبدوز سازی میں امریکا کسی بھی ملک سے کم از کم 15 سال آگے ہے۔

صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ امریکا کے پاس دنیا کے بہترین ہتھیار اور عسکری آلات موجود ہیں اور ان کی بحری طاقت دنیا بھر میں امریکا کے دشمنوں کو خوفزدہ کر دے گی۔ انہوں نے اس بات کا دعویٰ بھی کیا کہ کیریبیئن میں سمندر کے راستے منشیات کی اسمگلنگ میں 96.2 فیصد کمی آئی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ "ایک دو سال پہلے جو ہم پر ہنستے تھے، آج وہ ہمارا احترام کرتے ہیں، اور چین و روس بھی آبدوزوں کے میدان میں امریکا کا مقابلہ نہیں کر سکتے۔”

صدر ٹرمپ نے نیوی کی جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کرنے اور گولڈن فلیٹ کے قیام کا بھی اعلان کیا۔ ان کے مطابق، نیا بحری جہاز کسی بھی موجودہ جہاز کے مقابلے میں 100 گنا زیادہ طاقتور ہوگا، اور وکٹری نامی جہاز امریکی فوج کی طاقت کو برقرار رکھنے میں مدد دے گا۔

ٹرمپ کا کہنا تھا کہ اس منصوبے سے امریکا کی جہاز سازی کی صنعت کی بحالی میں بھی مدد ملے گی۔

انہوں نے منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف امریکی اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ "پچھلے سال امریکا میں منشیات کے استعمال سے تین لاکھ افراد ہلاک ہوئے، لیکن منشیات سے بھری کشتیوں کو تباہ کر کے ہر بار تقریباً 25 ہزار جانیں بچائی جاتی ہیں۔”

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button