نئے سال پر عوام کے لیے خوشخبری، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا امکان
ویب ڈیسک: نئے سال کے آغاز پر عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق یکم جنوری سے پٹرول کی قیمت میں 10 روپے 60 پیسے فی لیٹر تک کمی کی تجویز زیر غور ہے۔
ذرائع کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 8 روپے 59 پیسے فی لیٹر کمی کی تجویز دی گئی ہے، جبکہ مٹی کے تیل کی قیمت میں 9 روپے فی لیٹر اور لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 6 روپے 62 پیسے فی لیٹر کمی کا امکان ہے۔
اوگرا کی جانب سے قیمتوں سے متعلق ورکنگ پیپر حکومت کو بھجوایا جائے گا، جس کے بعد حکومت ریونیو ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے حتمی فیصلہ کرے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت خزانہ وزیراعظم کی منظوری کے بعد قیمتوں میں رد و بدل کا اعلان کرے گی۔
پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا حتمی نوٹیفکیشن وزارت پٹرولیم کی جانب سے جاری کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق اگر حکومت نے پٹرولیم لیوی یا دیگر ٹیکسز میں اضافہ نہ کیا تو نئے سال کے موقع پر عوام کو نمایاں ریلیف ملنے کا امکان ہے۔






