یو اے ای کے صدر کی وزیراعظم و فیلڈ مارشل سے ملاقاتیں، تجارت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق
متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان ایک روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچ گئے۔ دورے کے دوران انہوں نے صدرِ مملکت، وزیراعظم اور فیلڈ مارشل سے ملاقاتیں کیں جن میں دو طرفہ تجارت سمیت مختلف شعبہ جات میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
معزز مہمان کا شاہی طیارہ نورخان ایئر بیس پر اترا جہاں پاک فضائیہ کے JF-17 تھنڈر طیاروں نے سلامی دی۔ مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا جبکہ 21 توپوں کی سلامی بھی دی گئی۔ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر نے وفاقی کابینہ کے ہمراہ یو اے ای صدر کا استقبال کیا۔ اس موقع پر اسحاق ڈار، خواجہ آصف، احسن اقبال، عطا تارڑ سمیت دیگر وزرا بھی موجود تھے، جن کا وزیراعظم نے تعارف کرایا۔
یو اے ای صدر کے ہمراہ اعلیٰ سطح کا وفد بھی پاکستان پہنچا۔ شیخ محمد بن زاید النہیان نے وفد کے ہمراہ صدرِ مملکت، وزیراعظم اور آرمی چیف سے ملاقاتیں کیں جن میں باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف اور شیخ محمد بن زاید النہیان کے درمیان تفصیلی ملاقات میں پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر گفتگو ہوئی۔ دونوں رہنماؤں نے معاشی تعاون، سرمایہ کاری، توانائی، انفرااسٹرکچر، آئی ٹی، ٹیکنالوجی اور عوامی روابط کے فروغ پر زور دیا اور دوطرفہ تجارت میں اضافے پر اتفاق کیا۔
ملاقات میں علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ امن، استحکام اور پائیدار ترقی کے مشترکہ اہداف کے حصول کے لیے قریبی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
شیخ محمد بن زاید النہیان کا یہ دورہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مابین اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید تقویت دینے کا باعث بنے گا۔ بعد ازاں یو اے ای صدر اسلام آباد کا دورہ مکمل کرکے واپس روانہ ہوگئے۔ یہ بطور صدرِ متحدہ عرب امارات ان کا پاکستان کا پہلا سرکاری دورہ تھا۔






