امریکا میں کرسمس کی رات پاوربال لاٹری میں ایک خوش نصیب شخص نے 1.8 ارب ڈالر (تقریباً 500 ارب پاکستانی روپے) کا تاریخی جیک پاٹ جیت لیا۔ خوش قسمت ٹکٹ امریکی ریاست آرکنساس میں فروخت ہوا تھا۔
پاوربال حکام کے مطابق جیتنے والے ٹکٹ نے تمام چھ نمبرز درست طور پر ملائے، جن میں 4، 25، 31، 52 اور 59 کے ساتھ ریڈ پاوربال نمبر 19 شامل تھا، جبکہ 2x پاور پلے ملٹی پلائر بھی ٹکٹ کا حصہ تھا۔ حتمی فروخت کے بعد جیک پاٹ کی مجموعی رقم 1.817 ارب ڈالر تک جا پہنچی۔
یہ انعام امریکی تاریخ میں اب تک جیتا جانے والا دوسرا سب سے بڑا لاٹری جیک پاٹ ہے، جبکہ رواں سال پاوربال کا سب سے بڑا انعام بھی یہی قرار دیا گیا ہے۔
پاوربال انتظامیہ کے مطابق یہ صرف دوسری مرتبہ ہے کہ آرکنساس میں فروخت ہونے والے ٹکٹ نے پاوربال جیک پاٹ جیتا ہو۔ اس سے قبل یہ اعزاز 2010 میں حاصل ہوا تھا۔
جیتنے والے خوش نصیب شخص کو رقم وصول کرنے کے لیے دو آپشنز دیے جائیں گے۔ وہ 1.817 ارب ڈالر کی مکمل رقم قسطوں (Annuity) کی صورت میں حاصل کر سکتا ہے یا ٹیکس سے قبل 834.9 ملین ڈالر کی یکمشت رقم وصول کرنے کا انتخاب کر سکتا ہے۔ قسطوں کی صورت میں ابتدائی ادائیگی کے بعد 29 سالانہ اقساط دی جائیں گی، جن میں ہر سال 5 فیصد اضافہ ہوگا۔
یہ ڈرا پاوربال کے موجودہ جیک پاٹ سائیکل کا 47 واں ڈرا تھا، جو پاوربال کی تاریخ میں ایک نیا ریکارڈ ہے۔ پاوربال جیک پاٹ جیتنے کے امکانات انتہائی کم ہیں، جو تقریباً 29 کروڑ 22 لاکھ میں ایک ہیں۔
واضح رہے کہ پاوربال لاٹری امریکا کی 45 ریاستوں، واشنگٹن ڈی سی، پورٹو ریکو اور یو ایس ورجن آئی لینڈز میں کھیلی جاتی ہے، جہاں ایک ٹکٹ کی قیمت 2 ڈالر ہے۔






